صیہونی حکومت سے مقابلے میں ایران ہمارا اصلی حامی ہے، خضر عدنان

25 جنوری, 2021 06:18

شیعیت نیوز: اپنی 58 روزہ بھوک ہڑتال کے بعد اسرائیلی جیل سے رہا ہونے والے فلسطینی قیدی اور فلسطینی مزاحمتی تحریک الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے مرکزی رہنما خضر عدنان نے ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے ساتھ گفتگو میں صیہونی جیلوں کی غیر انسانی صورتحال میں قید فلسطینی شہریوں کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں فواد الشبوکی نامی عمر رسیدہ فلسطینی سمیت متعدد قیدی کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ غاصب صیہونی حکومت اس حوالے سے قیدیوں کا کوئی خیال نہیں رکھتی حتی انہیں ضروری ادویات کی فراہمی سے بھی محروم رکھا جاتا ہے۔

خضر عدنان نے کہا کہ اس صورتحال میں صیہونی جیل میں فلسطینی مزاحمتی فورس گردان القدس کا رکن باسل مخلوف عجاج بھی جسمانی اعتبار سے انتہائی ناگفتہ بہ حالت میں قید ہے جبکہ اسرائیلی جیلوں میں قید تمام فلسطینی شہریوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

اپنی جدوجہد کی بناء پر اسرائیلی جیل سے آزاد ہونے والے فلسطینی مزاحمت کار نے صیہونی جیلوں میں قید فلسطینیوں پر قومی اتحاد کے مثبت اثرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کا باہمی اتحاد غاصب صیہونی حکومت سے مقابلے میں حتمی طور پر اُنہیں قوت فراہم کرتا ہے لہذا میدان کے ساتھ ساتھ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے درمیان بھی قوی اتحاد موجود ہونا چاہئے تاکہ واحد فلسطینی قیادت کی رہنمائی پر ہر میدان میں ظالمانہ صیہونی فیصلوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : فلسطینی رہنما محمد ابونجم کی شہادت پر حماس کا سخت رد عمل

خضر عدنان نے کہا کہ عالمی برادری نے ہمارے قتل عام پر مبنی غاصب صیہونی حکومت کے انسانیت سوز اقدامات پر نہ صرف خاموشی اختیار کر رکھی ہے بلکہ اس حوالے سے دوہرے معیارات بھی اختیار کئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے تاکید کی کہ دنیا کے اکثر ممالک انسانیت سوز اقدامات میں اسرائیل کے ہمراہ کھڑے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ انسانی حقوق کا دم بھی بھرتے ہیں تاہم جب انسانی حقوق کا مسئلہ فلسطینیوں سے تعلق پیدا کرتا ہے تو وہ خاموشی اختیار کرتے ہوئے مظلوم فلسطینی قوم کے انسانی حقوق کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔

الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے مرکزی رہنما نے مسئلۂ فلسطین کی کھلی حمایت پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ امتِ مسلمہ کے درمیان ہمارے مضبوط حامی موجود ہیں، خاص طور پر یہ کہ غاصب صیہونی حکومت سے مقابلے میں ایران ہمارا اصلی حامی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : متحدہ عرب امارات کی حکومت کا تل ابیب میں سفارت خانہ کھولنے کا اعلان

خضر عدنان نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے یہی کافی ہے کہ ایران نہ صرف ہر روز بلکہ ہر ہر لمحے فلسطینی قوم کے ساتھ اپنے گہرے تعلقات کا اعلان اور اس پر فخر کرتا ہے بلکہ قدس شریف، مسجد اقصی اور فلسطینی مقدس مقامات و قوم کی عملی حمایت کو اپنا وظیفہ جانتا ہے۔

انہوں نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کی پہلی برسی کی مناسبت سے ان کے ساتھ ساتھ فلسطین تا لبنان، شام، عراق، ایران و یمن کے اسلامی مزاحمتی محاذ کے تمام شہیدوں کی پاک ارواح کو خراج عقیدت پیش کیا اور تاکید کی کہ ان شاء اللہ، خداوند متعال کی مدد سے ہم عنقریب ہی غاصب صیہونی حکومت کو شکست فاش سے دوچار کرتے ہوئے مل کر مسجد اقصی میں نماز ادا کریں گے۔

2:36 شام مارچ 21, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔