مقبوضہ فلسطین

غرب اردن میں اسرائیلی کارروائی، ممبر پارلیمان سمیت 15فلسطینی گرفتار

شیعیت نیوز: اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے سے تعلق رکھنے  والے ایک فلسطینی ممبر پارلیمان سمیت متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

الخلیل کے مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے فلسطینی ممبر پارلیمان محمدبدر کو ان کے گھر پر چھاپے کے بعد حراست میں لےلیا۔ اس کے علاوہ الخلیل کے مختلف علاقوں سے پانچ فلسطینی شہریوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

علاوہ ازیں صیہونی فوج نے رام اللہ کے کبر گاؤں پر چھاپا مارا اور پانچ شہریوں کو ان کے گھروں سے گرفتار کر لیا۔

اس کے علاوہ جنین میں  یعبد اور قباطیہ کے قصبات اور اریحا میں عقبات جبر کے مہاجر کیمپ سے چارفلسطینی شہری گرفتار کر لئے گئے۔

اسرائیلی پولیس نے جمعرات کے روز مشرقی بیت المقدس کے علاقے عیساویہ سے تعلق رکھنے والے ایک فلسطینی نوجوان کو اس کے گھر سے اچک لیا اور اس کے بھائی کوتفتیش کے لئے حاضر ہونے کا نوٹس تھما دیا۔

یہ بھی پڑھیں : یونانی پادری لیرونیموس کی حضور نبی کریمؐ اور اسلامی تعلیمات سے متعلق ہرزہ سرائی

عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی پولیس نے ایوب عبید کے گھر پرچھاپا مارنے  کے بعد انہیں اغوا کر لیا اور ان کے گھر والوں کو رشدی عبید کی طلبی کا نوٹس تھما دیا۔

عیساویہ کے رہائشیوں کو اسرائیل کی جانب سے انتقامی کارروائیوں کا سامنا ہے جس میں فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے، تشدد،گرفتاریاں،شہریوں کا ہراساں کرنا، بے دخلی اور مسماری کے اقدامات شامل ہیں۔

دوسری طرف اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں یہودی آباد کاروں نے فلسطینیوں کی املاک پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ گذشتہ روز قابض فوج کی موجودگی میں یہودی شرپسند ٹولوں نے شمالی وادی اردن میں فلسطینیوں کے گھروں اور گاڑیوں‌ پر سنگ باری کی۔

یہ بھی پڑھیں : عراق کے دارالحکومت بغداد میں خود کش دھماکے، 28 افراد جاں بحق اور 73 زخمی

سماجی کارکن عارف دراغمہ نے بتایا کہ میگولا یہودی کالونی کے آبادکاروں نے غرب اردن اور شمالی وادی اردن کو ملانے والی مرکزی شاہرا پر چلنے والی فلسطینیوں کی گاڑیوں پر سنگ باری کی۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں نے مشرقی طوباس میں تیاسیر الشفا گاؤں میں فلسطینیوں کے گھروں پر بھی سنگ باری کی۔

شمالی وادی اردن میں فلسطینیوں کی جان ومال پر یہودی شرپسندوں کے حملے روز کا معمول ہیں۔ آئے روز یہودی آباد کار شمالی وادی اردن میں فلسطینی کاشت کاروں اور چراہوں پر حملے کرکے انہیں زخمی کرتے اور ان کا مال لوٹتے رہتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button