مشرق وسطی

سعودی عرب کی قطر کے خلاف فضائی، زمینی اور سمندری پابندیاں ناکام

شیعیت نیوز:سعودی عرب نے قطر کے خلاف فضائی، زمینی اور سمندری پابندیاں بری طرح ناکام ہونے کے بعد اب ان پابندیوں کو کسی پیشگی شرط کے بغیر ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

الجزیرہ نے کویتی وزیر خارجہ احمد ناصر الصباح کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ کویتی فرماں رواں شیخ نواف کے تجویز کردہ ایک معاہدے کے بعد سعودی عرب نے پیر سے قطر کی تمام سرحدیں کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

سعودی فرماں روا کی جانب سے امیر قطر شیخ تمیم آل ثانی کو سعودی عرب میں منعقد ہونے والے خلیج تعاون کونسل کے 41 ویں اجلاس کا دعوت نامہ بھی ارسال کیا گیا ہے جس کے بعد قطری امیر اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : شہید کمانڈرز قاسم سلیمانی اور المہندس کی پہلی برسی پر غزہ میں ایک عالیشان تقریب

ادھر امریکی صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ سعودی عرب نے قطر کا بائیکاٹ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس سلسلے میں منگل کو ایک معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔

دوسری جانب خلیج فارس تعاون کونسل کی نشست میں شریک ملکوں کے حکام نے سعودی عرب کے شہر العلا میں جاری ہونے والے بیان پر باضابطہ طور پر دستخط کر دیے ہیں جس میں قطر کا بحران ختم کرنے پر اتفاق کیا گيا ہے۔

خلیج فارس تعاون کونسل کی اکتالیسویں نشست، رکن ملکوں کے درمیان صلح و آشتی کے مقصد سے منگل کے روز العلاء میں منعقد ہوئی۔ اس نشست میں کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الصباح نے، نشست کے بیانیے پر دستخط کرنے کے لیے تمام رکن ملکوں کا شکریہ ادا کیا۔

کویت کے امیر نے قطر کے بحران کے خاتمے کے لیے سب سے زیادہ کوشش کی ہے۔ اس بیان پر دستخط کے بعد جون 2017 میں قطر کے ساتھ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کے تعلقات میں پیدا ہونے والا بحران بظاہر ختم ہو گيا ہے۔

ان چار ملکوں نے جون 2017 میں اعلان کیا تھا کہ انہوں نے قطر کے ساتھ اپنے تعلقات توڑ لیے ہیں۔ اس کے لیے انہوں نے دوحہ پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام لگایا تھا لیکن قطر نے سختی سے اس الزام کو مسترد کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ 2017 کے وسط میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر پر دہشت گردی کی معاونت کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کے لیے زمینی، فضائی اور سمندری حدود بند کردی تھیں اور قطر کو مفلوج کرنے کے لئے سعودی عرب نے بہت برا ہتھکنڈہ استعمال کیا لیکن ترکی اور ایران نے قطر کی بر وقت مدد کرکے قطر کو مفلوج ہونے سے بچالیا تھا جس کے بعد قطر کے خلاف سعودی عرب کی فضائی، زمینی اور سمندری پابندیاں ناکام ہوگئی تھیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button