خانوادہ مولانا سید غلام حسنین رضوی پر قیامت ٹوٹ پڑی، دو ہفتے بعد ہی جواں سال فرزند بھی خالق حقیقی سے جاملے
مولانا احمد حسین رضوی کے والد بزرگوار سابق خطیب جمعہ ملیر مولانا سید غلام حسنین رضوی طویل علالت کے بعد دو ہفتے قبل ہی انتقال کرگئے تھے۔

شیعیت نیوز: نامور بزرگ عالم دین ، سابق خطیب جمعہ ملیر حجتہ السلام والمسلمین مولانا سید غلام حسنین رضوی مرحوم کے خانوادے پر قیامت ٹوٹ پڑی، دوہفتوںمیں گھر سے دوسرا جنازہ اٹھ گیا۔علامہ سید غلام حسنین رضوی مرحوم کے جواں سال فرزندخطیب جامع مسجد بوتراب عزیز آباد مولانا سیداحمد حسین رضوی بھی مختصر علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے ، نماز جنازہ مرکزی امام بارگاہ جعفرطیارسوسائٹی ملیر میں ادا کردی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق 2020 کی قیامت خیزی اپنے آخری ایام میں بھی جاری ہے،عالم ربانی وعرفان مولانا سید غلام حسنین رضوی مرحوم کے جواں سال فرزند مولانا سید احمد حسین رضوی بھی درالفناءسے دارالبقاء کی جانب کوچ کرگئے۔ مولانا احمد حسین رضوی فاضل دمشق تھے اور علوم دینی میں دسترس رکھتے تھے ، مرحوم جامع مسجد بوتراب عزیز آباد میں امام جمعہ کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دے رہے تھے ۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا وجود ناجائز، غیر قانونی اور غاصبانہ ہے اور یہی اسکی پہچان ہے، علامہ ساجد نقوی
مولانا احمد حسین رضوی کے والد بزرگوار سابق خطیب جمعہ ملیر مولانا سید غلام حسنین رضوی طویل علالت کے بعد دو ہفتے قبل ہی انتقال کرگئے تھے۔ مولانا احمد حسین نے اپنے والد بزرگوار کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ مولانا غلام حسنین کی وفات کو ابھی دوہفتے ہی گذرے تھے کہ ان کےخانوادے پر ایک اور قیامت ٹوٹ پڑی اور آج مولانا احمد حسین بھی داعی اجل کولبیک کہہ گئے ۔
یہ بھی پڑھیں: ایران اور پانچ اسلامی ملکوں میں خاتم سلیمانی کے عنوان سے متعلق تصویری نمائش کا انعقاد
مرحوم کی نماز جنازہ مرکزی امام بارگاہ جعفرطیار سوسائٹی ملیر میں ادا کردی گئی جس میں خانوادہ مرحوم سمیت عزیز و اقارب ،علمائے کرام، ذاکرین عظام، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ مرحوم کو آہوں اور سسکیوں میں قبرستان وادی حسین ؑ میں سپرد خاک کردیا گیا۔