سعودی عرب

سعودی عرب کی فوجی عدالت سے انسانی حقوق کی مدافع کو 5 سال قید

شیعیت نیوز : سعودی عرب کی ایک فوجی عدالت نے انسانی اور خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن لوجین الحاتلول کو 5 سال اور 8 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔

فوجی عدالت نے خاتون رہنما پر غیرمُلکی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے اور نقضِ امن کا سبب بننے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اسے مجموعی طور پر پانچ سال آٹھ ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔

فوجداری عدالت نے سوموار کواپنے فیصلے میں کہا ہے کہ سعودی خاتون مملکت کی داخلی سلامتی کو ہدف بنانے کی سرگرمیوں میں ملوث تھی۔اس نے مدعاعلیہا کو انٹرنیٹ کے ذریعے لوگوں کو گورننس کے بنیادی نظام میں تبدیلی پراُکسانے سمیت متعدد الزامات میں قصور وار قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارتی خفیہ ایجنسی را اپنے آلہ کاروں کے ذریعے جن مذموم عزائم کی تکمیل چاہتی ہے اس میں وہ کامیاب نہیں ہو گی،علامہ راجہ ناصرعباس

سزا پانے والی انسانی حقوق کی رضا کار کی بہن علیاء الھذلول نے ٹوئٹ میں لکھا کہ لوجین الحاتلول پر 5 سال کی سفری پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری وکیل اور لوجین الحاتلول جج کے فیصلے پر اپیل کرسکتے ہیں۔

فوجی عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ مجرمہ کو کل پانچ سال آٹھ ماہ قید کی سزاسنائی جارہی ہے لیکن اس میں دو سال اور دس ماہ معطل قید کی سزا ہوگی۔ اگر مجرمہ آئندہ تین سال کے دوران میں کسی قسم کے جرم کی مرتکب نہیں ہوتی تو اس کی یہ معطل سزا کالعدم متصور ہوگی۔

جج نے کہا ہے کہ گرفتار عورت نے اپنے خلاف عائد کردہ تمام الزامات میں قصور وار ہونے کا اقرار کیا ہے اور اس پرسعودی عرب کے دہشت گردی اور اس کی مالی معاونت سے متعلق قانون کے تحت فردِ جُرم عائد کی گئی ہے۔

جج نے قرار دیا ہے کہ کہ اس عورت نے کسی قسم کے ڈر،خوف کے بغیر اپنا اعترافی بیان رضاکارانہ طور پر ریکارڈ کرایا تھا۔ انھوں نے قرار دیا ہے کہ ’مدعا علیہا کے خلاف انسداد دہشت گردی اور مالیاتی جرائم کے قانون کی دفعہ 143 کے تحت فیصلہ سنایا گیا ہے۔ نیز اسی قانون کی دفعہ 53 کے تحت اس کو سزا سنائی گئی ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے ان الزامات کو ناقابل فہم قرار دیتے ہوئے لوجین الحاتلول کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ لوجین الحاتلول کو 2013 میں اس وقت مقبولیت حاصل ہوئی تھی جب انہوں نے سعودی عرب میں خواتین کے ڈرائیونگ کے حق کے لیے عوامی مہم شروع کی تھی۔

31 سالہ لوجین الحاتلول کو خواتین کے حقوق سے متعلق کم از کم ایک درجن دیگر کارکنوں کے ساتھ مئی 2018 میں گرفتار کیا گیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button