مقبوضہ فلسطین

حماس سیاسی اور مزاحمتی میدان میں ایک ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، اسماعیل ھنیہ

شیعیت نیوز: اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ حماس سیاسی اور مزاحمتی میدان میں ایک ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حماس کے 33 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جاری تفصیلی پیغام میں ‌کہا کہ حماس حقیقی معنوں‌ میں فلسطینی قوتوں کے درمیان مصالحت کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ایک مضبوط اور حقیقی سیاسی، قومی اور مزاحمتی میدان میں شراکت کو یقینی بنایا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں : ترکی بھی امریکی دباؤ کے آگے ڈھیر، 2سال بعد اسرائیل میں دوبارہ اپنا سفیر نامزد کردیا

اسماعیل ھنیہ کا مزید کہنا تھا کہ حماس نے قومی مصالحت کے لیے ہمیشہ اپنے دروازے کھلے رکھے ہیں‌۔ سیاسی شراکت کے ساتھ ساتھ تنظیم آزادی فلسطین کے تمام اداروں کو ازسر نو تشکیل دینے اور مزاحمت کے میدان میں ایک ساتھ مل کر آگے بڑھنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سال 2020ء بڑی بڑی تبدیلیوں کا سال ہے اور رواں سال رونما ہونے والی علاقائی اور عالمی تبدیلیوں نے قضیہ فلسطین پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔

انہوں‌نے کہا کہ حماس غزہ کی پٹی میں‌ تعمیر اور طاقت کے حصول کی تزویراتی حکمت عملی پرعمل جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حماس قوم کے تمام نمائندہ گروپوں اور طاقتوں کے ساتھ مزاحمت کی بیداری اور ٍغرب اردن میں اس کی روح کو زندہ کرنے کے لیے کوششیں ‌جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ حماس نے وطن کی آزادی کی طویل جدو جہد کی ہے۔ حماس کا عسکری ونگ عزالدین القسام شہید کے نقش قدم پر کام جاری رکھے گا۔

اسرائیل کو تسلیم کرنے والے ملکوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ھنیہ نے کہا کہ ہم خطے میں ہونے والی ہر تبدیلی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ فلسطینی قوم کا کوئی ایک طبقہ خطے میں ہونے والی تبدیلیوں کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

انہوں‌نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے والے عرب ملکوں پر زور دیا کہ وہ اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے معاملے کو مسترد کردیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button