عراق کی رضاکار فورس حشد الشعبی نے بیس کلومیٹر کا علاقہ داعشیوں سے پاک کر لیا

شیعیت نیوز: عراق کی رضاکار فورس نے داعشی دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے۔ دوسری طرف عراق و شام کے مشترکہ سرحدی علاقوں پر امریکہ کے B-52 بمبار طیاروں کو ٹریس کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق علاقے میں موجود عراق کی رضاکار فورس حشد الشعبی کے ایک ترجمان صادق الحسینی نے بتایا ہے کہ بین الصوبائی سرحد کے بیس کلومیٹر کے علاقے کو داعشی دہشت گردوں کے باقیات سے پاک کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران متعدد بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کے علاوہ دہشت گردوں کے متعدد خفیہ ٹھکانوں کو بھی نابود کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کی سزا،سعودی عرب نے پاکستان سے مزید ایک ارب ڈالر کا قرضہ واپس مانگ لیا، چین کا بڑا اعلان سامنے آگیا
مذکورہ صوبوں کے سرحدی شہروں کو محفوظ بنانے کی غرض سے علاقے میں متعدد دفاعی لائنیں قائم کردی گئی ہیں۔ حشد الشعبی نے بدھ کے روز داعش کے باقی ماندہ عناصر کے خلاف علاقے میں کارروائی کا آغاز کیا تھا جس کے بعد سے کئی ہزار عراقی خاندانوں کی اپنے گھروں کو واپسی کا راستہ ہموار ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ داعش دہشت گرد عناصر عراق کے بعض علاقوں میں اب بھی روپوش ہیں جو اور گاہے بگاہے دہشت گردانہ حملے کر کے عراقی عوام میں خوف و دہشت پھیلانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔
دوسری جانب عرب میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ عراق و شام کے مشترکہ سرحدی علاقوں پر امریکہ کے B-52 بمبار طیاروں کو ٹریس کیا گیا ہے۔
عرب ای مجلے المعلومہ کے مطابق عراقی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آج سہ پہر کے وقت شام و عراق کے سرحدی علاقوں پر چند ایک امریکی B-52 بمبار طیاروں کو ٹریس کیا گیا ہے جبکہ ان طیاروں کے پرواز کرنے کی وجہ سے تاحال آگاہ نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں امریکی فوجی حکام نے میڈیا کو اطلاع دی تھی کہ امریکی فوج کی جانب سے متعدد B-52 بمبار طیاروں کو مغربی ایشیائی علاقوں میں پہنچا دیا گیا ہے۔