اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی، پاک فوج کے 2 جوان شہید

شیعیت نیوز: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے ساتھ کھوئی رٹہ سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی خلاف ورزی پر پاک فوج نے مؤثر جواب دیا اور 2 بھارتی فوجیوں اور سامان کو بھاری نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آج جنگِ سن 71کے ہیرو سوار محمد حسین شہید (نشان حیدر) کا 49 واں یوم شہادت منایا جارہا ہے

تاہم آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے اس تبادلے کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے 2 جوان لانس نائیک طارق اور سپاہی زاروف شہید ہوگئے۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی حدود میں حملے کے ممکنہ خطرے کے باعث پاک فوج کو پہلے ہی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

بھارت کی جانب سے وقتاً فوقتاً لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی جاتی ہے اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اس سے قبل 25 نومبر کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بندوقیں ایک بار پھر بے لگام ہوئی تھیں اور اس کے نتیجے میں ایک شہری شہید ہوگیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے باگسر سیکٹر میں سیز فائر کی خلاف ورزی کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

یاد رہے کہ ذرائع نے بتایا تھا کہ بھارت نے 2014 سے 2019 کے دوران 9 ہزار 215 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں ایک ہزار 403 اموات ہوئیں، یہی نہیں بلکہ اب تک بھارت 2 ہزار 830 جنگ بندی کی خلاف ورزی کرچکا ہے جس میں صرف شہری اموات 271 تک ہیں

متعلقہ مضامین

Back to top button