وزیر اعظم عمران خان کا فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کو خط،توہین اسلام پر مبنی مواد پر پابندی کا مطالبہ
شیعیت نیوز: وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کے سربراہ مارک زکربرگ کو اسلام مخالف مواد پر پابندی لگانے کے لیے خط لکھ دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ اسلامو فوبیا اور اسلام مخالف مواد پر بھی ہولوکاسٹ جیسی پابندیاں لگائی جائیں۔
اس سے قبل وزیراعظم نے اپنی ٹوئٹ میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گستاخانہ خاکوں پر فرانسیسی صدر نے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا کہ میکرون کو دنیا کو مزید تقسیم کرنے کی بجائے معاملات کو حل کرنا چاہیئے تھا۔
یہ بھی پڑھیں: گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور صدر میکرون کی اسلام دشمنی ، آئی ایس او نے فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کا مطالبہ کردیا
وزیراعظم نے کہا کہ فرانس کے صدر نے توہین آمیز خاکوں کی نمائش سے اسلام اور ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو ٹارگٹ کیا اور جان بوجھ کر مسلمانوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو تقسیم کرنے سے انتہاء پسندی مزید بڑھے گی۔ لیڈر کی خاصیت انسانوں کو متحد کرنا ہوتا ہے۔ توہین آمیز خاکوں کے ذریعے اسلام پر حملے لاعلمی کا نتیجہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گستاخانہ خاکے اور صدر میکرون کے اسلام مخالف بیان کے بعد کویت میں فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا آغاز
عمران خان نے لکھا کہ ایک لیڈر کی پہچان یہ ہے کہ وہ لوگوں کو متحد کرتا ہے اور لیڈر کو نیلسن منڈیلا کی طرح لوگوں کو متحد کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی صدر میکرون کو انتہاء پسندوں کو موقع نہیں دینا چاہیے تھا جبکہ صدر میکرون کو دنیا کو تقسیم کرنے کے بجائے معاملات کو حل کرنا چاہئے تھا۔







