عمان و اسرائیل کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو

شیعت نیوز : عمانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق غاصب اسرائیل کے وزیر خارجہ گابی اشکنازی اور عمانی وزیر خارجہ یوسف بن علوی کے درمیان ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو میں خطے کے حالات اور دونوں ممالک کے آپسی تعلقات پر گفتگو کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو میں عمانی وزیر خارجہ نے اس بات پر تاکید کی ہے کہ عمان مشرق وسطیٰ کے اندر عادلانہ اور جامع امن و امان پر تاکید کرتا ہے جبکہ فلسطینی ضروریات کی تکمیل پر مبنی مذاکرات کا نئے سرے سے شروع کیا جانا انتہائی ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اب اسرائیلی بمباری کا جواب بمباری سے دیا جائے گا، صلاح الدین بریگیڈ
واضح رہے کہ عمان اور اسرائیل کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب کچھ دن قبل ہی ابوظہبی و تل ابیب کی جانب سے ایک مشترکہ بیان میں اعلان کیا گیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کے ذریعے اماراتی ولی عہد محمد بن زائد اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اس بات پر متفق ہو گئے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات استوار کر لئے جائیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال کے دوران خلیج فارس کے کئی عرب ممالک کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ رابطے برقرار کئے جانے کے بارے میڈیا میں بارہا رپورٹس نشر ہو چکی ہیں جبکہ کہا یہ جا رہا ہے کہ اسرائیل نے ان میں سے بہت سے ممالک کے ساتھ گہرے سکیورٹی روابط استوار کر رکھے ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے اس سلسلے میں زیادہ شفاف اور اعلانیہ رویہ اپنایا گیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کے نیوز چینل "کان نیوز” کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسی (موساد) کا چیف یوسی کوہن اپنے خصوصی دورے پر اس وقت ابوظہبی میں موجود ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق یوسی کوہن نے تازہ استوار ہونے والے اسرائیل-امارات تعلقات کے حوالے سے مختلف موضوعات پر گفتگو کی خاطر ابوظہبی کا دورہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی انٹیلیجنس چیف یوسی کوہن ان افراد میں ایک ہے جن کا ابوظہبی کے ساتھ اسرائیلی تعلقات کی استواری اور ان کو علی الاعلان کرنے میں خصوصی ہاتھ ہے۔ رپورٹس کے مطابق یوسی کوہن نے قبل ازیں بھی دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی استواری کی خاطر متعدد بار ابوظہبی کا سفر کیا ہے۔