مشرق وسطی

متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان کی ایک مارکیٹ میں بھیانک آتش زدگی

شیعت نیوز : متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان میں بدھ کی شام ایک مارکیٹ میں بھیانک آگ لگ گئی ہے۔

اسپوتنیک نیوز نے رپورٹ دی ہے کہ بدھ کی شام امارات کے عجمان شہر کے ایک نئے صنعتی علاقے میں بھیڑ بھاڑ والے بازار میں آگ لگ گئی۔

عجمان کے محکمہ شہری دفاع کے ایک ذریعے نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ بازار شعبی کے نام سے سبزی اور پھل منڈی میں آگ لگنے کے بعد شعلے اور سیاہ دھویں کے بادل بلند ہونا شروع ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی خصوصی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور وہ پورے بازار کو خالی کرانے کے لیے امدادی کام کررہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بیروت میں تباہ کن زوردار دھماکے قومی المیہ ہے۔ حزب اللہ

متحدہ عرب امارات کے اخبار البیان نے بھی اپنی ویب سائٹ پر رپورٹ دی ہے کہ فائر فائٹرز اور نجات کی متعدد ٹیمیں اس نئی مارکیٹ میں لگنے والی آگ کو بجھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔اس ذریعے نے بتایا ہے کہ چار مختلف محکموں کی ٹیموں کو بھی فائر فائٹروں کی معاونت کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔

عجمان کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر امدادی ٹیمیں ابتدائی دو تین گھنٹے میں آگ پر قابو پانے میں ناکام رہتی ہیں تو پھر ہمسایہ امارتوں سے بھی امدادی ٹیموں کو طلب کیا جاسکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر بھی کئی ویڈیو اور تصاویر پوسٹ کی گئی ہیں جن میں مختلف تجارتی یونٹس کو جلتے ہوئے دکھایا گيا ہے اور وہاں سے گہرا دھواں اٹھ رہا ہے۔

مذکورہ علاقے سے دکانداروں اور خریداروں کو باہر نکال لیا گيا ہے اور آگ بجھانے کی کوششیں مسلسل جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ابھی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

تاہم حکام نے فوری طور پر یہ نہیں بتایا ہے کہ عجمان کی اس مارکیٹ میں کیسے آگ لگی ہے اور یہ آناً فاناً کیسے پھیل گئی ہے۔دم تحریر آتش زدگی کے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button