دنیا

اقوام متحدہ کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر گہری تشویش کا اظہار

شیعت نیوز : اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم پر نئی دہلی کو تیسری یاد داشت ارسال کی ہے جس میں بھارتی افواج کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اقوام متحدہ نے اس یاد داشت میں لکھا کہ عالمی ادارے کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، لاک ڈاؤن اور سکیورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل پر گہری تشویش ہے۔

اقوام متحدہ نے مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیریوں پر مظالم کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائے۔

اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے قتل، تشدد اور بدسلوکیوں میں ملوث ذمہ داروں پر مقدمہ چلائے۔

واضح رہے کہ پانچ اگست 2019 کے بعد سے اب تک اقوامِ متحدہ نئی دہلی کو تین یاد داشتیں ارسال کر چکا ہے۔

اقوامِ متحدہ نے کسی یاد داشت کا جواب نہ دینے کے بھارتی فیصلے کو افسوسناک قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب میں کورونا کے بڑھتے قہر ، سعودیوں پر پابندیاں

دوسری جانب اقوام متحدہ میں انسداد دہشت گردی کا ہفتہ منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر بھی پاکستان نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا۔

پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی کا غلط رنگ دے رہا ہے، بھارتی فوج کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہیں، بھارتی مظالم کشمیریوں کے حوصلے کو غیر متزلزل نہیں کر سکتے۔

منیر اکرم کا کہنا تھا کہ بھارت میں اسلامو فوبیا عروج پر ہے، رواں سال فروری میں نئی دہلی کے مسلم کش فسادات اسلامو فوبیا کی واضح مثال ہیں، بی جے پی کی حکومت آر ایس ایس کے ہندوتوا کے انتہا پسند نظریے پر عمل پیرا ہے اور بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کو دبایا جا رہا ہے، بھارتی اقدامات کے باعث بھارت میں 18 کروڑ مسلمانوں کی زندگی خطرے میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا شہریت کے قانون میں تبدیلی سے لاکھوں مسلمانوں سے شہریت چھن جانے کا خطرہ ہے، بھارتی مسلمانوں پر بھارت میں کورونا پھیلانے کا الزاما لگایا گیا، ہندتوا نظریے کی انتہا پسندی خود ایک دہشت گردی ہے۔

منیر اکرم نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے خطرات کا فوری نوٹس لے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button