مقبوضہ فلسطین

اسرائیلی فوج کی ابودیس میں فائرنگ سے کار سوار فلسطینی نوجوان شہید

شیعت نیوز : مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع شہر ابودیس میں اسرائیلی پولیس نے ایک کار سوار فلسطینی نوجوان کو چیک پوائنٹ پر گولی مار کر شہید کردیا ہے اور یہ دعویٰ کیا ہے کہ وہ تیزی سے ایک خاتون پولیس افسر کی جانب آرہا تھا۔

اسرائیلی پولیس کے ترجمان میکی روزنفیلڈ کے مطابق منگل کے روز یہ واقعہ مقبوضہ بیت المقدس کے نزدیک واقع ابودیس میں ایک چیک پوائنٹ پر پیش آیا ہے۔

ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ شخص تیزی سے اپنی کار بارڈر پولیس کی ایک خاتون پولیس افسر کی جانب لایا تھا اور وہ کار مس کرنے سے معمولی زخمی ہوگئی ہے۔واقعے کے بعد چیک پوائنٹ پر اسرائیلی پولیس کی متعدد گاڑیاں دیکھی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : فلسطینی حقوق پر کوئی سودا نہیں ہوگا۔ خالد البطش

اسرائیلی سکیورٹی ذرائع اور سوگوار خاندان نے مقتول فلسطینی کا نام احمد عریقات بتایا ہے ۔اس کی عمر بیس سال سے زیادہ تھی۔

اس واقعہ سے کوئی ایک ماہ قبل غرب ِ اردن میں واقع شہر رام اللہ میں اسرائیلی سکیورٹی اہلکاروں نے اسی طرح فائرنگ کرکے ایک اور فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا تھا۔

اسرائیلی پولیس کے مطابق اس فلسطینی نے بھی صیہونی فوجیوں کو اپنی کار تلے روندنے کی کوشش کی تھی لیکن اس واقعے میں کوئی اسرائیلی اہلکار زخمی نہیں ہوا تھا۔

منگل کو فائرنگ کا یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب صیہونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو مقبوضہ مغربی کنارے کے بعض علاقوں پر غاصبانہ قبضہ کرنے کی تیاریوں میں ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت یکم جولائی کو مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع یہودی بستیوں اور وادیِ اردن کو صیہونی ریاست میں ضم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔وہ یہ سب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شہ پر کررہے ہیں جبکہ عالمی برادری فلسطینی اراضی کو ہتھیانے کی مخالفت کررہی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس سے فلسطینی علاقوں میں تشدد کی ایک نئی لہر آئے گی اور حالات مزید ابتر ہو سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button