اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے خاتون سمیت 4 شہری شہید، ایک زخمی

شیعت نیوز : بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں اور بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 4 بے گناہ شہری شہید ہوگئے جبکہ ایک شہری زخمی ہوگیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق بھارتی فوج نےایل او سی کے نکیال اور باگسر سیکٹرز پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں رتہ جبار اور لیوانہ کھیتر گاؤں کی ایک خاتون سمیت 4 بے گناہ شہری شہید ہوگئے جبکہ ایک شہری زخمی ہوگیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھی بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور اورموثر جواب دیا گیا جس میں ان بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے پاکستانی علاقوں میں فائرنگ کی جارہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ کون!؟

نکیال کے اسسٹنٹ کشمنر سردار عمر فاروق کا کہنا تھا کہ نکیال سیکٹر کے ضلع کوٹلی میں بھارتی شیلنگ سے 21 سالہ رضیم سلیم، ان کا 18 بھائی تعظیم سلیم اور چچازاد بھائی 14 سالہ علی معروف شیلنگ کا نشانہ بنے۔

ان کا کہنا تھا کہ تینوں لڑکے کبوتر اڑانے میں مصروف تھے اور ایل او سی کی دوسری طرف سے جارحیت سے بے خبر تھے کیونکہ کشیدگی کے کوئی آثار نہیں تھے۔

عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک شیل تینوں لڑکوں کے قریب آکر گرا تھا جس کے نتیجے میں رضیم اور تعظیم موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ علی کو شدید زخمی حالت میں تحصیل ہسپتال نکیال منتقل کیا گیا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ علی ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوئے اور ہسپتال میں ان کی نماز جنازہ ادا کرکے لاش گاؤں بھیج دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ جاں بحق خاتون کی شناخت 55 سالہ رشیدہ بیگم اور 60 سالہ محمد حسین ملک گاؤں نلی میں اپنے گھر کے برآمدے میں سورہے تھے کہ شیلنگ کا نشانہ بنے۔

آزاد کشمیر میں 4 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد رواں برس بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 12 ہوگئی ہے جبکہ 102 دیگر شہری زخمی ہوچکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button