اہم ترین خبریںپاکستان

جنت البقیع میں حضرت فاطمہ ؑ اور ائمہ اہلبیت ؑ کے مزارات کی تعمیر امت مسلمہ کا مسئلہ ہے

شیعت نیوز : شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے خاتون جنت، سید المرسلین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صاحبزادی سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مزار اقدس کی تعمیر کے حوالے سے پنجاب اسمبلی کی متفقہ قرارداد کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جنت البقیع کے مزارات کی تعمیر تمام مسلمانوں کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سید حسن مرتضیٰ نے قرارداد پیش کرکے عالم اسلام کے دل جیت لیے ہیں، صرف خاتون جنت ہی نہیں، آئمہ معصومین میں سے امام حسنؑ، امام زین العابدینؑ، امام باقرؑ، امام جعفر صادق ؑ اور دیگر اسلامی شخصیات کے مزارات بھی جنت البقیع میں موجود ہیں، ان کی تعمیر بھی ہونی چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ آل سعود کی طرف سے جنت البقیع کے مزارات کی توہین پر اُمت مسلمہ کے دل رنجیدہ ہیں اور ہر سال 8 شوال کو عالمی سطح پر احتجاج کرکے خود ساختہ انتہا پسندانہ سوچ کیخلاف مزارات مقدسہ کو تعمیر کروانے کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی قرارداد کے بعد دیگر صوبائی اسمبلیوں، سینیٹ اور قومی اسمبلی سے بھی یہ قراردادیں اتفاق رائے سے پاس کی جانی چاہیں اور وزارت خارجہ سعودی عرب کی حکومت سے رابطہ کرکے امت مسلمہ کے مزارات مقدسہ کی دوبارہ تعمیر کا مطالبہ پہنچائے، تاکہ مسلمان جنت البقیع کی زیارت کرسکیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button