یمن

جارح سعودی فوجی اتحاد کی 68 بارجنگ بندی کی خلاف ورزی، 3 یمنی بچے شہید و زخمی

شیعت نیوز: جنگ بندی کے اعلان کے باوجود یمن پر جارح سعودی فوجی اتحاد کے حملے جاری ہیں۔ دوسری طرف یمن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حمایت یافتہ جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں تیز ہوگئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جارح سعودی فوجی اتحاد کی طرف سے یمنی صوبوں الحدیدہ، صعدہ، مآرب، الجوف اور البیضاء کو 68 مرتبہ ہوائی و توپخانے کے حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

یمنی مزاحمتی تحریک انصاراللہ کے میڈیا گروپ کی طرف سے جاری ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے صوبہ مآرب، الجوف اور البیضاء پر متعدد بار ہوائی حملے کئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آل سعود اپنے شہریوں پر دباؤ ڈالنے کے بجائے، یمن میں جارحیت بند کرے

رپورٹ کے مطابق الحدیدہ کے شہروں حیس، الدریہمی اور التحیتا پر سعودی ڈرون طیاروں کی پروازوں کے بعد وہاں کی شہری آبادی کو جارح سعودی عرب کی طرف سے بھاری توپخانے اور میزائل حملوں کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

یمنی میڈیا کے مطابق جارح سعودی عرب کی طرف سے یمنی شہروں الخمیس، الجاح اور بیت الفقیہ کی شہری آبادی پر بھی بھاری توپخانے، مارٹر گولوں اور کتیوشا میزائلوں سے حملہ کیا گیا جس سے شہری املاک کو شدید نقصان پہنچنے کے علاوہ متعدد روزہ دار شہری بھی زخمی ہو گئے۔

جارح سعودی فوجی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمنی صوبے الجوف کے شہر خب و الشعف، صوبہ البیضاء کے شہر صراوح اور صوبہ مآرب کے شہر مجزر پر بھی دسیوں ہوائی حملے کئے ہیں۔

علاوہ ازیں سعودی عرب کی طرف سے یمن کے شمالی صوبے صعدہ میں واقع سرحدی گاؤں رازح کو بھی شدید حملوں کا نشانہ بنایا گیا جس سے 1 یمنی بچہ شہید اور دوسرے 2 بچے زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب یمن کے شبوہ اور ابین صوبوں میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حمایت یافتہ جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں تیز ہوگئی ہیں۔

سعودی عرب کے حمایت یافتہ یمن کے مفرور صدر منصور ہادی کے فوجیوں نے صوبہ ابین کے صدر مقام شہر زنجبار کی جانب پیشقدمی کی ہے جبکہ امارات کی حمایت یافتہ عبوری کونسل نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

امارات کی حمایت یافتہ عبوری کونسل نے اعلان کیا ہے کہ الشقرہ کے علاقے میں جھڑپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور عبوری کونسل کے جنگجؤوں کو حملے کا خطرہ ہے۔ سعودی عرب اور امارت کے درمیان یمن میں روز بروز بڑھتی ہوئی جھڑپیں اس ملک میں اپنا اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کے لئے ہو رہی ہیں۔

ان جھڑپوں میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button