دنیا

افغانستان میں جنوبی ایشیا کا سرگرم داعش کا سرغنہ گرفتار، کابل میں دھماکے

شیعت نیوز: افغانستان کی قومی سیکورٹی کے ادارے نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی ایشیا اور مشرق بعید میں سرگرم داعش کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق افغانستان کی قومی سیکورٹی کے ادارے نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ شیخ ابو عمر الخراسانی کے نام سے مشہور داعش کے سرغنہ ضیاء الحق کو افغان پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں کی مشترکہ کاروائی میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی شاہی خاندان میں اقتدار کی رسہ کشی جاری، ایک اور اہم شہزادہ بن سلمان کی ایماءپر گرفتار

رپورٹ کے مطابق اس کاروائی میں جنوبی ایشیا میں سرگرم داعش کے انٹیلی جینس شعبے کا سرغنہ ابو علی اور تعلقات عامہ کے شعبے کا سرغنہ صہیب بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ افغان سیکورٹی فورسز رواں سال میں خراسانی شاخ کے داعشی سرغنہ اسلم فاروقی سمیت داعش کے کئی سرغنوں کو گرفتار کر چکی ہیں۔

دوسری جانب افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پیر کے روز ہونے والے متعدد بم دھماکوں میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق کابل پولیس کے ترجمان فردوس فرامرز نے اعلان کیا ہے کہ یہ دھماکے پیر کے روز مقناطسی بموں کے ذریعے کابل کے سترہویں سیکورٹی زون میں ہوئے۔

کابل پولیس کے ترجمان کے مطابق ان دھماکوں میں چار افراد زخمی ہو گئے جن میں ایک چھوٹا بچہ بھی شامل ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ بم دھماکوں کے بعد بارودی سرنگوں کا پتہ لگانے اور بموں کو ناکارہ بنانے والی ٹیمیں روانہ کر دی گئیں اور تحقیقات کا عمل شروع کر دیا گیا۔

چشم دید گواہوں کا کہنا ہے کہ ان دھماکوں کا مقصد ایک سرکاری گاڑی کو نشانہ بنانا تھا۔

واضح رہے کہ اتوار کی رات بھی کابل میں تین بم دھماکے ہوئے تھے تاہم ان دھماکوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button