مشرق وسطی

عرب ممالک میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ

شیعت نیوز: سعودی عرب میں کورونا متاثرین کے مریضوں میں 762 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں چار مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد سات ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

سعودی عرب میں بروز جمعہ کورونا وائرس کے 762 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، متاثرین کی کل تعداد 7،142 ہوگئی ہے، وزارتِ صحت کے ترجمان نے جمعہ کو ریاض میں پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ صحت یاب افراد کی تعداد 1،049 ہے جبکہ 4 مزید اموات کے بعد وفات پانیوالے87 ہوگئے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں مزید دو افراد کورونا میں مبتلاء ہو کر اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں اور اس طرح متحدہ عرب امارات میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد پینتیس ہو گئی ہے۔

عمان کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ چھیاسٹھ سالہ ایک شخص کورونا میں مبتلا ہو کر ہلاک ہو چکا ہے اور اب تک عمان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد چھے ہوگئی ہے ۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی شاہی خاندان کی بڑی تعداد کورونا میں مبتلا، شہزادی بادشاہ سے اپیل

عمان میں اب تک ایک ہزار انیس افراد کورونا میں مبتلاء ہو چکے ہیں۔کویت کی وزارت صحت نے بھی اعلان کیا ہے کہ اب تک ایک ہزار پانچ سو چوبیس افراد کورونا میں مبتلاء ہو چکے ہیں جبکہ تین افراد کو اپنی جان بھی گنوانی پڑی ہے۔

لبنان کے وزیر صحت حمد حسین نے بھی سنیچر کو اعلان کیا کہ ملک ، کورونا وائرس کے عروج کے بحران سے گذر چکا ہے اور یہ لاک ڈاؤن اور قوانین کے صحیح نفاذ اور شہریوں کی جانب سے ان کی پابندی کیے جانے سے ممکن ہوا ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق چھے سو بہتر افراد کورونا وائرس میں مبتلاء جبکہ اکیس افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

اردن کے وزیر صحت سعد جابر نے بھی اپنے ملک میں کورونا مریضوں کے اعداد و شمار میں کمی کی خبر دی ہے ۔ اردن میں اب تک چار سو دو افراد کورونا میں مبتلاء ہو چکے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غرب اردن میں کورونا کے مزید 12 مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 402 ہو گئی ہے۔

فلسطینی وزیر صحت می کیلہ نے ایک بیان میں کہا کہ غرب اردن کے شہر الخلیل کےعلاقے یطا میں کورونا کے مزید 12 مریض سامنے آئے ہیں جس کےبعد کورونا کے متاثرین کی تعداد 402 ہوگئی ہے۔ نئے مریض یطا کے نواحی علاقے خربثا المصباح، بیت لقیا اور جنین میں کفر راعی، القدس کے کفر عقب اور قطنہ کے مقام پر سامنے آئے ہیں۔

فلسطینی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ غرب اردن اور غزہ میں کورونا کے 307 اور القدس میں 95 مریض سامنے آئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button