ایران میں پھنسے زائرین کی فوری وطن واپسی کیلئے لاہور ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکا دیا گیا

05 مارچ, 2020 17:19

شیعت نیوز : کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر ایران میں پھنسے زائرین کی واپسی کا معاملہ سنگین صورت حال اختیار کرتا جارہا ہے ۔ایران میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی یقینی بنانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

زائرین کی فوری وطن واپسی کے لئے آئینی درخواست محمد آصف ایڈووکیٹ کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی۔ درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رہنما شیعہ علماءکونسل علامہ عارف واحدی کی صدرمملکت عارف علوی سے ملاقات، زائرین کو درپیش مشکلات پر گفتگو

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایران میں پاکستانی زائرین زیارتوں کیلئے گئے ہوئے ہیں، تاہم حکومت پاکستان کی جانب سے ایران کیساتھ فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے اور کرونا وائرس کے پیش نظر پاکستان نے ایران کیساتھ بارڈر بھی بند کر دیا ہے۔ درخواست گزار نے کہا ہے کہ ایران میں لاتعداد پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواستگزار کے رشتہ دار بھی ایران کے شہر مشہد مقدس میں موجود ہیں اور وہ کرونا وائرس سمیت کسی بیماری کا شکار نہیں بلکہ مکمل تندرست ہیں، رشتہ داروں کو تندرستی کے باوجود پاکستان واپس نہیں آنے دیا جا رہا۔

یہ بھی پڑھیں: زائرین کی مشکلات ،ایم ڈبلیوایم رہنما اسدنقوی کی وفاقی وزیر مذہبی امور سے ملاقات

درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان زائرین کی واپسی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کر رہی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت زائرین کی واپسی کیلئے اقدامات کرے۔

دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے بھی گذشتہ روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری سے ملاقات کرکے زائرین کی واپسی کے مسائل سے آگاہ کیا تھا، جس پر وفاقی وزیر نے یقین دہانی کروائی تھی کہ حکومت زائرین کی واپسی کیلئے ایس او پیز تیار کر رہی ہے اور اس مسئلے کو جلد حل کر لیا جائے گا۔

5:20 شام مارچ 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔