اب تک ایران سے واپس آنے والے زائرین میں کرونا وائرس کی علامات نہیں پائی گئیں، ترجمان سندھ حکومت
شیعت نیوز: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اب تک کراچی میں صرف ایک مریض میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، جو اب رو بہ صحت ہے اور اس مریض کے تمام اہل خانہ کا طبی معائنہ ہو چکا ہے اور الحمدللہ ان میں کسی بھی شخص میں کرونا وائرس کی کوئی علامات نہیں پائی گئیں۔
اب تک سندھ سے 1419 افراد نے ایران کا سفر کیا، اس میں سے 952 افراد واپس آ چکے ہیں اور 650 افراد کا طبی معائنہ ہو چکا ہے، ان میں کرونا وائرس کی علامات نہیں پائی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس جیسی بلاؤں کے پھیلنے کی وجہ اللہ تعالیٰ کی نافرمانی ہے، علامہ قاضی نیاز حسین نقوی
سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات مرتضیٰ وہاں نے کہا کہ سندھ کے تمام اضلاع سے ایران جانے والوں کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے اور حکومت ان افراد کو گھروں تک محدود رکھنے کی ہدایت کر چکی ہے۔
صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ وقت سیاسی محاذ آرائی کا نہیں ہے، بلکہ وفاق اور صوبوں کو مل کر اس ناگہانی بیماری کا مقابلہ کرنا چاہئے اور اس وقت گلے شکوے کسی کی زبان سے اچھے نہیں لگتے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس، تہران سے کراچی پہنچنے والی پرواز کے تمام مسافر و زائرین کلیئر قرار
انہوں نے کہا کہ وفاق اور سندھ نے رابطوں کے تسلسل کو اور تیز کر دیا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر شام سات بجے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس معاملے پر جلد قابو پالیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حفظ ماتقدم کے طور پر سندھ میں تعلیمی اداروں کو چھٹی دی گئی ہے اور بروز پیر تمام تعلیمی ادارے کھول دیئے جائیں گے۔







