ملک بھر سے کربلا کی جانب گامزن زائرین امام حسین ؑکے لیئے کوئٹہ میں مواکب کا قیام
اہلیان کوئٹہ اور موکب زیبنیہ ؑ کی جانب سے ہزاروں زائرین کو بیک وقت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔

شیعت نیوز: زائرین امام حسین ؑ کی خدمت کیلئے کوئٹہ میں مواکب (خدمت زائرین کے مراکز)قائم کردیئے گئے۔رہائش، طعام اور دیگر بنیادی ضرویات کی مفت فراہمی کا آغاز۔ اہلیان کوئٹہ اور موکب زیبنیہ ؑ کی جانب سے ہزاروں زائرین کو بیک وقت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق اربعین حسینی ؑ (چہلم شہدائے کربلاؑ) میں شرکت کیلئے پاکستان بھر سے بائی روڈ عراق جانے والے زائرین کو کوئٹہ میں قیام وطعام کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے نجف تا کربلا مشی کے روٹ کی طرز پر کوئٹہ میں موکب قائم کردیئے گئے ہیں ۔ان مواکب میں زائرین کو رہائش سمیت کھانے پینے کی اشیاء، ضروریات زندگی کی بنیادی اشیائے ضروریہ کی مفت فراہمی کے ساتھ ساتھ جوتوں کی مرمت اور پالش تک کا انتظام کیا گیاہے ۔
یہ بھی پڑھیں: پاک ایران سرحد پر زائرین کی سہولت کیلئے22 نئے کاؤنٹرز کے قیام کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق ملک کے طول وعرض سے کوئٹہ پہنچنے والے ہزاروں زائرین کو گلستان ٹاؤن میں اہلیان کوئٹہ اور موکب زینبیہ ؑ کی جانب سے زائرین کو چوبیس گھنٹے سروسز فراہم کی جارہی ہیں ۔جس میں میڈیکل کی سہولیات بھی شامل ہیں ۔ خدمت کا یہ سلسلہ آخری کانوائے کی روانگی تک جاری رہے گا ۔ جبکہ اربعین حسینی ؑ کے اختتام پر زائرین کی پاکستان واپسی کے موقع پر مختلف اداروں کی جانب سےیہ خدمات تفتان بارڈر کے بیابانی علاقے میں فراہم کی جائیں گی۔