نیشنل پریس کلب اسلام آباد تا چائنہ چوک عظیم الشان حمایت مظلومین ریلی
ملت جعفریہ اس ملک کے پرامن اور محب وطن قوم ہے ، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے

شیعت نیوز :نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے چائنہ چوک تک عظیم الشان حمایت مظلومین ریلی گئی ریلی میں جبری گمشدہ شیعہ جوانوں کے اہل خانہ نے اپنے پیاروں کی تصاویر کے ساتھ شرکت کی۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان میں جبری شیعہ گمشدگیوں کے خلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب سے چائنہ چوک تک عظیم الشان حمایت مظلومین ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء اور لاپتہ افراد کے لواحقین نے علم حضرت عباسؑ اور قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔شرکاء نے وزیراعظم عمران خان ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپنے لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں :جبری لاپتہ شیعہ جوانوں کی بازیابی کیلئے پریس کلب لاہور تا گورنر ہاؤس احتجاجی ریلی
شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا ملت جعفریہ اس ملک کے پرامن اور محب وطن قوم ہے ، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔ لاپتہ افراد کے لواحقین کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے بیٹے گناہگار ہیں تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے، کشمیری مسلمانوں کے لیے انصاف مانگنے والے پہلے اپنے شہریوں کو انصاف فراہم کریں، ہمیں بتایا جائے کہ ہمارے بیٹوں کو کیوں گرفتار کیا گیا ہے، اگر ان کا کوئی قصور ہے تو عدالتوں میں پیش کیا جائے، نہیں تو جلد از جلد رہا کیا جائے۔