پاکستان

حکومتی نااہلی کے باعث زائرین تفتان بارڈرپر مشکلات کاشکارہیں، علامہ حسین مسعودی

اپنے ایک بیان میں علامہ حسین مسعودی نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان کے شہری زائرین امام حسینؑ شدید مشکلات کا شکار ہیں

شیعت نیوز: جعفریہ الائنس پاکستان کے سینئر نائب صدر علامہ محمد حسین مسعودی کا کہنا ہے کہ تفتان بارڈر پر مسلسل ایران اور عراق سے یوم عاشورا کرکے آنے والے زائرین حکومت کی نااہلی کی وجہ سے کھلے آسمان تلے بیٹھے ہوئے ہیں، جس میں سے کچھ زائرین موت کا شکار ہو چکے، جو حکومت اور حکمرانوں کی ناکامی کا مُنہ بولتا ثبوت ہیں۔

اپنے ایک بیان میں علامہ حسین مسعودی نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان کے شہری زائرین امام حسینؑ شدید مشکلات کا شکار ہیں، سیکیورٹی کے نام پر زائرین کو پریشان کرنا حکومت اور ریاست کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ژوب کے علاقے میں زائرین کے کانوائے کو حادثہ متعدد بسیں آپس میں ٹکرا گئیں

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کے بعد زائرین کی سیکیورٹی ایک معمہ بنی ہوئی ہے، امن و امان قائم کرنے کے ذمہ دار اداروں کے دعوے ہیں کہ ملک میں دہشتگردی کا خاتمہ ہو چکا ہے، مگر اس کے باوجود کوئٹہ کے زائرین سیکیورٹی کے حصار سے آزاد نہیں ہو سکے۔

علامہ حسین مسعودی نے کہا کہ ایک طرف یوم عاشورا کے زائرین کی واپسی کا سلسلہ ابھی تک تعطل کا شکار ہے، تو دوسری جانب اربعین حسینی کے موقع پر کربلا جانے والے قافلے بھی ملک بھر سے روانہ ہو چکے ہیں، وہ بھی تفتان بارڈر پر جانے کیلئے کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو انتہائی افسوناک عمل ہے، اگر ایسی صورتحال جاری رہی تو ہم اپنی پُرامن احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے، ہم پاکستانی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ زائرین امام حسینؑ کے مسائل کو حل کرنے کیلئے فی الفور اقدامات کو یقینی بنائے، تاکہ ملت تشیع میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہو سکے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button