بانی انقلاب اسلامی اما م خمینی ؒ کی تیسویں برسی کل پاکستان سمیت دنیا بھرمیں عقیدت واحترام سے منائی جائے گی
پاکستان کے مختلف شہروں سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں سیمینارزاور مجالس ترحیم کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس میں مقررین امام خمینی ؒ کی انقلابی جدوجہد اور دینی خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔

شیعت نیوز: بانی انقلاب اسلامی حضرت روح اللہ موسوی الخمینیؒ کی 30ویں برسی کل 4جون بروز منگل پاکستان سمیت دنیابھرمیں عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ پاکستان کے مختلف شہروں سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں سیمینارزاور مجالس ترحیم کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس میں مقررین امام خمینی ؒ کی انقلابی جدوجہد اور دینی خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔
امام خمینیؒ کی برسی پر مرکزی اجتماع کل قبل از ظہر مرقد امام خمینیؒ پر منعقد ہوگا جس میں دنیارہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای حفظہ اللہ خطاب کریں گے جب کہ دنیا بھرسے ہزاروں کی تعدادمیں عاشقان امام ؒ اس اجتماع میں شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ امام خمینی ؒ کا شمار گزشتہ صدی کے عظیم انقلابی رہنماؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے بے سروسامانی کے عالم میں ڈھائی سو سالہ شہنشاہی نظام کے خلاف علم بغاوت بلند کیا۔ امام خمینی ؒنے 24ستمبر1902بمطابق 20جمادی الثانی 1320ھجری کو اپنی جدہ حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ کے روز ولادت ایران کے قصبے خمین کے دینی گھرانے میں آنکھ کھولی۔
یہ خبربھی پڑھیں:امام خمینی وہ عہدساز شخصیت ہیں جنہوں نے انقلاب کی جنگ استقامت کے ساتھ لڑی اور ایرانی قوم کو فتح سے ہمکنار کیا،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال
پہلوی حکومت کے مظالم کے خلاف صدائے حق بلند کرنے کے جرم میں انہیں3جون 1963کوپہلے گرفتار کیا گا پھر دوسری بار 4نومبر 1964کو دوبارہ گرفتار کرکے انہیں جلا وطنی کی سزادی گئی او ر14برس عراق ، ترکی اور فرانس میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے پر مجبورکیا گیا۔
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ دونوں مرتبہ امام خمینی ؒ کو نماز شب کی ادائیگی کے دوران گرفتار کیا گیا۔عوام سے مسلسل رابطے اورانقلابی پیغامات کی گھر گھر آمد کے نتیجے میںامام خمینی ؒ 14سالہ جلاوطنی ختم کرکے 1فروری 1979کو تہران واپس پہنچے اور 11فروری 1979کورضا شاہ پہلوی کےفرارکے بعد انقلاب اسلامی کے کامیاب ہونے کا اعلان کردیا گیا۔
امام خمینیؒ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد 10برس حیات رہے ۔ اس عرصے میں شدید ترین عالمی دباؤ اور امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ ایران عراق جنگ کا بھی مردانہ وار سامنا کیا بالآخرامام خمینیؒ طویل علالت کے بعد 87کی عمر میں داعی اجل کو لبیک کہہ گئے اور دنیا بھرمیں انقلاب منش افراد کو غمزدہ چھوڑ گئے۔ان کا انتقال3 جون 1989ء میں ہوا۔ تہران کے قریب دفن ہوئے۔ آپ کے جنازے میں تقریبا ایک کروڑ لوگوں نے متواتر تین روز تک شرکت کی۔