وزیراعظم کے آئندہ دورہ ایران سے دوطرفہ تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہوگا، کنول شوزب
کنول شوزب کا کہنا تھا کہ دوست بدل سکتے ہیں مگر ہمسایوں کو بدلنا ناممکن ہے، خطے میں قیام امن و استحکام کے لئے ہمسایوں کے ساتھ بہتر تعلقات ناگزیر ہیں اسی لئے پاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ مضبوط مراسم رکھنا چاہتا ہے.
شیعیت نیوز: پاکستانی رکن پارلیمنٹ کنول شوزب نے کہا ہے کہ ہمیں ملکی معیشت کی بقا اور عوام کی خوشحالی کے لئے ہمسایہ ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ باہمی تعلقات کو مضبوط بنانا ہوگا. انہوں نے یہ بات منگل کے روز ایرانی خبررسان ادارے ارنا نیوز کے نمائندے کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔
کنول شوزب نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے آئندہ دورہ ایران سے دوطرفہ تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہوگا.انہوں نے کہا کہ اس دورے سے پاک ایران برادرانہ تعلقات کے خلاف سازشیں بھی ناکام ہوں گی اور خطے میں توازن برقرار ہوگا.
پاکستان کی حکمران جماعت تحریک انصاف کی رکن کا کہنا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور تمام ہمسایہ ممالک بالخصوص ایران کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے، انہوں نے بتایا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان طویل سرحد ہے اور ہماری خارجہ پالیسی میں ایران کو بڑی اہمیت حاصل ہے.
کنول شوزب کا کہنا تھا کہ دوست بدل سکتے ہیں مگر ہمسایوں کو بدلنا ناممکن ہے، خطے میں قیام امن و استحکام کے لئے ہمسایوں کے ساتھ بہتر تعلقات ناگزیر ہیں اسی لئے پاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ مضبوط مراسم رکھنا چاہتا ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے آئندہ دورے سے نہ صرف پاک ایران تجارتی اور معاشی تعاون کو فروغ ملے گا بلکہ دونوں ملکوں کے درمیان مذہبی سیاحت میں بھی اضافہ ہوگا.







