خداراہم پر بھروسہ کریں اگر میری، وزیراعظم یا حکومت کی کوئی بھی بدنیتی شامل ہوتو خدا ہمیں ذلیل ورسواکرے، شہریا رآفریدی کی شیعہ اکابرین کے ہمراہ پریس کانفرنس
آپ ہم سےمتنفرناہوں، میری التجاءہےکہ خداراہم پر بھروسہ کریں اگرمیری یا وزیراعظم یا حکومت کی کوئی بھی بدنیتی شامل ہوتو خدا ہمیں ذلیل ورسواکرے،
شیعیت نیوز: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ ہزارہ برادری ہماری نیت پر شک نہ کرے اور کوئٹہ دھماکے کے ذمہ دار افراد چاہیں جتنے طاقتور ہوں انہیں سزا ملے گی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کوئٹہ میں بم دھماکے میں شہید افراد کے لواحقین سے ملاقات کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقتولین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ غلطی کرنے والے جتنا مرضی طاقتور ہو اسے سزا ملے گی، کوئی شک نہیں کہ ہزارہ برادری پر ظلم ہوا ہے، ہزارہ برادری سے استدعا ہے کہ ہماری نیت پر شک نہ کریں، دہشتگردی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ہر حد تک جائیں گے، بلوچستان کی محرومیوں کا خاتمہ وزیراعظم کا ویژن ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ دشمن پاکستان کو بلیک لسٹ میں لانا چاہتے ہیں اور عدم استحکام کا شکار کرکے بکھیرنا چاہتے ہیں، لیکن ہم اتفاق اور یکجہتی سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والوں کو ناکام کریں گے،انشاءاللہ پاکستان تا قیامت سلامت رہے گااور میرا یہ پختہ عقیدہ ہے کہ روز محشر خاتم النبین محمد ؐاور آل محمد ؑآپ کی اور پاکستانی قوم کی قربانیوں پر فخر کریں گے۔
مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ ہاشم موسوی کے تلخ مگر قابل توجہ سوالات کا جواب دیتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہاکہ وزیر اعظم کا وژن ہے کہ یمن ہو، ایران ہو چاہےوہ پاکستان ہو یا افغانستان ہمیں مسلمانوں کے آپسی اور داخلی اختلاف کو ختم کرناہےکیونکہ مسلمان جوڑ کی طرف جاتا ہے توڑ کی طرف نہیں جاتا، ہمارا عدالتی نظام درست ہوتا تو ہمیں فوجی عدالتیں نا بنانی پڑتیں، اب ہم نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور عمل درآمد کریں گے، ہم نے ہر شعبے کے ماہرین کو درست ہم جلد جوڈیشل اور پولیس ریفارمز لائیں گے، میر ے اور آپ کے پیاروں کو شہید کیا گیااور ان کا درد ہمارے دلوں سے تاقیامت نہیں نکل سکتا،میں نے اس دھرتی ماں کو کسی اور کے رحم کرم پر نہیں چھوڑنا ، ہم نے آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے تبدیلیاں لانی ہیں، 18اگست 2018سے اب تک میں کئی مرتبہ آپ کی خدمت میں بن بلائے حاضر ہوتا رہاہوں، ہمارے وزیر اعظم، صدر مملکت سب آپ کے پاس آئیں گے، ہم ہر قدم پر آپ کےشانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ آپ ہم سے متنفر نا ہوں، میری التجاءہے کہ خداراہم پر بھروسہ کریں اگر میری یا وزیر اعظم یا حکومت کی کوئی بھی بدنیتی شامل ہوتو خدا ہمیں ذلیل ورسواکرے اگر ہم نیک نیت ہیں تو خدا کی غیبی مدد ہمارا ساتھ دے گی، آپ کے اور دیگر مسالک کے درمیان جو ہم آہنگی میں نے دیکھی وہ مثالی ہے،کوئٹہ سے اہل سنت بریلوی ، دیوبندی اور اہل حدیث مکتب کے علماءایران جاتے رہے ہیں پوری پاکستانی قوم کو یہ تصویر دکھانی ہے کہ ہم سب ایک ہیں ، اب وہ لوگ خود آشکارہوں گے جو مذہب، مسلک ، علاقے اور زبان کے نام پر مسلمانوں اور پاکستانیوں کو لڑانا چاہتے ہیں، ہمیں تھوڑا وقت دیں ہم نے وقت لیکر مثال قائم کرنی ہے آپ کیا پوری دنیا اس مثال کی قدر دانی کرے گی لیکن آج جو ہم آپ کے پاس چل کرآئے ہیں وہ صرف خدا کی رضا کیلئے اور آپ کو یہ احساس دلانے کیلئے ہے کہ وفاق ،صوبائی حکومت، افواج پاکستان اور تمام ریاستی ادارے دکھ کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔خداکی رضا سے انشاءاللہ آپ اسی جگہ بیٹھ کر ہمیں خود کہیںگے کہ آپ مخلص تھے آپ نے جوکہا وہ کیا۔






