پاکستان

حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کرعوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا،علامہ عارف واحدی

شیعیت نیوز: شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری  علامہ عارف حسین واحدی نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کئے جانے پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ حکومت کی غلط معاشی پالیسوں کی وجہ سے ملک میں ڈالر کی قدر میں اضافہ اور پاکستانی روپے کی قدر میں کمی ہوئی۔حکومت نے عالمی مالیتی اداروں کی ڈکٹیشن پر عوام کی زندگی اجیرن بنا دی اورناقص معاشی پالیسیوں کے باعث ملک میں ہونے والی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔

علامہ عارف حسین واحدی کا مزید کہناتھاکہ ماضی میں عوام کو خوشحال اور لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لانے کے بڑے بڑے دعوے کرنے والے اب روزانہ مہنگائی بڑھنے پر خاموش کیوں ہیں ؟ حکومتی غلط معاشی پالیسیوں کے باعث ملک تیزی سے دیوالیہ کی جانب جا رہاہے ۔ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی حکومت نے عوام کو مہنگائی کا تحفہ دے دیا ، روز مرہ کی اشیاءضروریہ سستی ہونے کی بجائے مزید مہنگی ہو گئیں ہیں ،حتی کہ بچوں کو کتابیں ، بیگ اور یونیفارم اور فیسوں کی مدّ میں بھی25سے 40فیصد اضافے نے والدین کی مشکلات میں مزیداضافہ کر دیاہے ۔جب کہ رمضان المبارک کی آمد پر مہنگائی آسمان چھونے لگے گی ۔ ملک میں قائم پرائس کنٹرول کمیٹیاں قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومتی مشینری کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ مارکیٹ کمیٹی نرخ تو مقرر کردیتی ہے لیکن عمل درآمد نہیں کر اسکی جس سے ہر دوکاندرا پنی مان مانی کرتا نظر آرہا ہے اور بازاروں میں سبزیوں کی قیمتوں میں دوکاندار از خود ہی اضافہ کرکے شہریوں کو لوٹ رہے ہیں ۔دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹرحضرات نے بھی اپنی مرضی سے کرایوں میں اضافہ کر دیا جس کا بوجھ اس ملک کی لاچار غریب عوام کو ہی برداشت کر نا پڑے گا۔آخر میں علامہ عارف حسین واحدی نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ ملک میں مہنگائی اور غربت کے خاتمہ کےلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کئے جائیں  او رملک سے مہنگائی اور غربت کا خاتمہ ڈالر کی قدر میں کمی اور روپے کی قدر میں اضافہ کرکے ہی ممکن بنا یا جا سکتاہے ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button