پاکستان

ایک سال سے لاپتہ انجینئر ممتاز حسین کی فوری بازیابی اور سلامتی کو یقینی بنایا جائے ، اہلیہ ممتاز حسین

شیعیت نیوز:  ایک سال سے لاپتہ شیعہ سماجی رہنما انجینیئر ممتاز حسین رضوی کی اہلیہ نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مقتدر اداروں سے ان کی جلد بازیابی کا مطالبہ کیا۔

اہلیہ ممتاز رضوی کا پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ ممتاز رضوی ایک فلاحی ، سماجی ، علمی ومحب وطن شخصیت ، غریبوں اور یتیموں کے مددگار تھے ،وہ ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ انجینئر ہیں جو 23 جنوری سے لا پتہ کردیے گئے ہیں ۔ ہم اہل خانہ ان کے دوست احباب اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود ان کی کوئی بھی خبر نہیں پاسکے ہیں۔ ہر سماعت کے بعد ایک نئی تاریخ دے دی جاتی ہے ، اہل خانہ در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ،یہ کہاں کا انصاف ہے ۔ اس موقع پر سماجی رہنما جبران ناصر، شیعہ مسنگ پرسنز کمیٹی کے رہنما راشد رضوی بھی ہمراہ موجود تھے ۔

ان کا کہنا تھا کہ انجینئر سید ممتاز رضوی ہمیشہ ملی ، فلاحی ، سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ایک خصوصی تعلق رہا ہے اور اسی مدد کے جذبہ کے تحت ایتام فائونڈیشن اور شہداء کے خاندانوں کی سرپرستی میں فعال کردار ادا کیا۔

اہلیہ ممتاز رضوی نے چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ ، محترم آرمی چیف جناب جنرل قمر جاوید باجوہ ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، گورنر سندھ عمران اسماعیل ، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ ، سول سوسائٹی ، اعلیٰ عدلیہ اور پاکستان کی مقتدر قوتوں  سے اپیل کی کہ میرے شوہر سید ممتاز حسین رضوی کی فوری بازیابی و سلامتی کو یقینی بنایا جائے ۔

سماجی رہنما جبران ناصر کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں بھی پرانے پاکستان کی پرانی روش لوگوں کو اغوا کرنا اور جبری گمشدہ کردینے کا سلسلہ جاری ہے ،آخر کب یہ سلسلہ ختم ہوگا ۔ دن دیہاڑے ایک شہری طالب علم کو اغواء کرلیا جاتا ہے اور کوئی پوچھنے والا بتانے والا نہیں ہے ۔

 شیعہ مسنگ پرسنز کمیٹی کے رہنما راشد رضوی کا کہنا تھا کہ ممتاز حسین کوئی دہشت گرد نہیں بلکہ مہذب اور ذمہ دار شہری ہیں انہیں کس جرم میں لا پتہ کیا گیا ہے ، قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود کیوں انہیں بازیاب نہیں کرواسکے ۔ جب حکمرانوں کے بچے دوسرے ممالک سے بازیاب کروا لیے جاتے ہیں تو ایک عام شہری کو کیوں نہیں کرایا جاتا۔  وہ پاکستان کے ایک محب وطن و اعلیٰ تعلیم یافتہ ذمہ دار شہری ہیں ان کا اغواء و گمشدگی ان کی عمر رسیدہ والدہ اور اہل خانہ کے لیے انتہائی کرب کا سبب ہے ۔ خدارا ان کو بازیاب کرواکے اہل خانہ کو اس مشکل سے نجات دلوائی جائے ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button