پاکستان

مجلس وحدت مسلمین کے قائدین کی مفتی تقی عثمانی پرقاتلانہ حملے کی مذمت ، دہشتگردوں کی گرفتاری کامطالبہ

شیعیت نیوز:جامعہ دارالعلوم کے سربراہ معروف اہل سنت عالم دین مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملےکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے میڈیا سیل سے جاری اپنے مشترکہ بیان میں اس کاروائی کو ملک دشمن قوتوں کی سازش قراردیا ہے، ایم ڈبلیوایم کے قائدین نے کہاکہ کل 23مارچ یوم پاکستان ہے، پاکستان دشمن قوتیں جو ملک کو پر امن اور مستحکم دیکھنا نہیں چاہتی وہی اس بزدلانہ کاروائی میں ملوث ہیں، چند روز قبل دشمن قوتوں نے مادر وطن پر جارحیت کے ذریعے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی جسے پاکستان کے غیور عوام اور مسلح افواج بشمول محب وطن سیاسی ومذہبی قوتوں نے اپنے اتحاد سے ناکام بنادیاتھا، اپنے شکست اور ہزیمت کا بدلہ لینے کے لیئے بھارت ہمیں داخلی طور پر دہشت گردکاروائیوں اور نسلی ، لسانی اورمذہبی منافرت کے ذریعے خلفشار پھیلا کرکمزورکرنے کی کوشش کررہاہے، جسے انشاءاللہ ہماری سیاسی، ومذہبی قیادت اور باشعور عوام کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ایم ڈبلیوایم قائدین نے مزید کہاکہ اب پاکستانی عوام سمجھ چکی ہے کہ مادر وطن میں کسی قسم کی منافرت کی کوئی گنجائش نہیں ہے ،پوری پاکستانی قوم اس دہشتگردانہ واقعہ کی مذمت کرتی ہے اور دشمن کے مقابل سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے، ہم مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے اس دہشتگردانہ واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں واقع میں جاں بحق افراد کہ اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان سے اظہار تعزت کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے اور ملک دشمنوں کو واصل جہنم کرے،دریں ثناء مجلس وحدت مسلمین کے دیگر رہنما وں علامہ مختار امامی ،علامہ مقصود علی ڈومکی،علی حسین نقوی،علامہ صادق جعفری،علامہ علی انور جعفری،علامہ مبشر حسن ،میر تقی ظفر،ناصر حسینی سمیت دیگر رہنما نے واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور دہشتگردوں کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button