فرض نبھانے کے لئے ہمیشہ تیار رہنے والی فوج کی قیادت پر فخر ہے،آرمی چیف

شیعیت نیوز: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ اپنا فرض نبھانے کے لئے ہمیشہ تیار رہنے والی فوج کی قیادت پر فخر ہے، مادھرتی کے دفاع سے مقدس کوئی چیز نہیں۔دوسری جانب پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ جنگ مسلط کی گئی تو ملک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آر می چیف نے اتوار کو سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری کا دورہ کیا اور جوانوں کے حوصلوں اور تیار یوں کو سراہا،اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے اور سرحدوں کی حفاظت یقینی بنائینگے، پاک آرمی کی قیادت پر مجھے فخر ہے کہ ایک فرض شناس قوم کی سربراہی کر رہا ہوں۔دوسری جانب ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے فارورڈ آپریٹنگ بیسز کا دورہ کیا،اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ فضائیہ دیگر مسلح افواج کے شانہ بشانہ اپنی آپریشنل تیاریوں اور مکمل ہم آہنگی کی بنیاد پر ہر قسم کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے،ہم ایک امن پسند قوم ہیں لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہم ہر قیمت پر اپنی فضائی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے،پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے بیسز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور عملے کے جذبے اور پیشہ ورانہ مہار ت کو سراہا۔