پاکستان

بن سلمان سینکڑوں سلفی علماء کا قاتل ہے ،شاہانہ استقبال کو مسترد کرتے ہیں ، اہلحدیث علماء

شیعیت نیوز: جمعیت علماء اہلحدیث پاکستان کے سربراہ قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا ہے کہ خونخوار سعودی شہزادے کا استقبال کرکے جمہوری قوم کی توہین کی گئی ہے، محمد بن سلمان سینکڑوں سلفی علماء کا قاتل ہے جبکہ سینکڑوں اب بھی جیل میں قید تنہائی گزار رہے ہیں، جس کے دل میں مسلک اہلحدیث کی محبت ہے، وہ اس کے استقبال کیلئے نہیں گیا، عوام اور اہلحدیث نوجوانوں نے بھی استقبال کو مسترد کر دیا ہے۔ استقبال صرف چندہ خور مولویوں نے کیا۔ لاہور سے جاری ایک بیان میں قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ ایک جابر اور آمر شخص کا کرفیو لگا کر استقبال کیا گیا ہے جس نے مقدس سرزمین سعودی عرب پر آمریت نافذ کر رکھی ہے۔ ایسے شخص کے شاہانہ استقبال کی آئین اجازت دیتا ہے اور نہ ہی اخلاق۔

قاضی عبدالقدیر خاموش نے مطالبہ کیاکہ اسلام آباد اور راولپبنڈی میں کرفیو نافذ ہے، لوگوں کی راہ میں رکاو ٹیں ہٹائی جائیں، الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر عائد پابندیوں کو بھی ختم کیا جائے اور عوام کو یہ بھی بتایا جائے کہ سعودی شہزادے کے ساتھ ہونیوالے معاہدوں کے عوض قوم کا کیا کچھ گروی رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی کی سعودی عرب میں موجودگی صرف حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے ہی ہونی چاہیے، اسے کسی پڑوسی ملک پر چڑھائی اور اس کے اندرونی معاملات میں مداخلت کیلئے استعمال نہ کیا جائے۔ قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ وہ سلفی عقیدے سے تعلق رکھنے والے جمہوریت پسند ہیں، سعودی عرب میں جس انداز سے آل سعودکی خاندانی حکومت قائم ہے، اس کی بنیادی انسانی حقوق اجازت دیتے ہیں اور نہ ہی اسلام، محمد بن سلمان سعودی صحافی خاشقجی کے قتل میں ملوث ہے، ایسے شخص کا پاکستان میں استقبال شرمناک ہے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button