فواد چوہدری کی گلگت بلتستان آئینی حقوق ایشو پر قائد حزب اختلاف جی بی اسمبلی کی جلد وزیر اعظم سے ملاقات کی یقین دہانی

شیعیت نیوز: قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی کیپٹن (ر) محمد شفیع نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے ملاقات کی، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بارے میں گلگت بلتستان کے عوام کے جذبات اور تحفظات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں کیپٹن (ر) شفیع نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے گلگت بلتستان کے مسئلے کو اسمبلی میں لے جانے کی بجائے عدالت سے فیصلہ کروا کر جی بی کے عوام کے جذبات کو مجروح کیا۔ ثاقب نثار کے فیصلے نے جی بی میں تحریک انصاف کے گراف کو کمزور کیا ہے، گلگت بلتستان کے عوام کو تحریک انصاف کی حکومت سے بہت ساری امیدیں وابستہ تھیں، مگر حکومت کے پہلے سال ہی خطے کے عوام کو مایوسی مل گئی۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب جی بی کے مسئلے کو قومی اسمبلی میں لے کر جائیں، وگرنہ گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی حکومت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا، جس پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپوزیش لیڈر کیپٹن (ر) شفیع کی بہت جلد وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کروانے کی یقین دہانی کرائی، تاکہ عوامی تحفظات اور تجاویز براہ راست وزیراعظم کے سامنے پیش کرسکیں۔