پاکستان

عوامی رہنما شیخ حسن جوہری کی بلاجواز گرفتاری کیخلاف سکردو میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، کھرمنگ اور شگر میں مظاہرے

شیعیت نیوز: بلتستان یوتھ الائنس کے چیئرمین اور معروف عوامی رہنماشیخ حسن جوہری کی بلاجوازگرفتاری کیخلاف سکردو میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی، شہر میں ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا، دھرنا دیا، خواتین بھی میدان میں آگئیں، ادھر شگر اور کھرمنگ میں بھی مظاہرے ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان یوتھ الائنس کے بانی و چیئرمین نامور عالم دین شیخ حسن جوہری کی گرفتاری کیخلاف سکردو میں مکمل طور پر شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی، تمام مارکٹیں دکانیں بند رہیں، جگہ جگہ پر عالم دین کی گرفتاری کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے، کمشنر آفس کے سامنے حمید گڑھ چوک پر مظاہرین نے کئی گھنٹے دھرنا دیا اور شیخ حسن جوہری کی گرفتاری کیخلاف شدید احتجاج کیا، انتظامیہ اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔

احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین سید مظاہر الموسوی، انجمن تاجران کے صدر غلام حسین اطہر، عوامی ایکشن کمیٹی کے کوارڈینیٹر غلام شہزاد آغا، شیخ فدا ذیشان، شیخ مبارک، محمد علی دلشاد، بشارت حسین سید، غلام محمد اور دیگر نے کہا کہ منظم سازش کے تحت بلتستان کی پرامن فضاء کو خراب کیا جا رہا ہے، شیخ جوہری کی گرفتاری بلتستان کے امن کو تہہ و بالا کرنے اور سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے سے عوام کی توجہ ہٹانے کی بھونڈی کوشش ہے، ہم علمائے کرام کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کریں گے، پرامن احتجاج سے مسئلہ حل نہ ہوا تو راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے، انتظامیہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لے ورنہ مسائل سنگین ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام نے حکم دیا تو احتجاج کی نوعیت تبدیل ہوگی، ہم شرعی اور ریاست کے قوانین کے پاسدار ہیں، اس لئے اب تک پرامن احتجاج کر رہے ہیں، انتظامیہ فوری طور پر عالم دین کو رہا کرے، ورنہ حالات کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی، سکردو میں کامیاب ہڑتال کے بعد انتظامیہ کی آنکھیں کھل جانی چاہیں۔

مقررین نے کہا کہ ریاست کو گالیاں دینے والوں کو آزاد چھوڑا گیا ہے، وفادار اور محب وطن علمائے کرام کو گرفتار کیا جا رہا ہے، جو غداری کے زمرے میں آتا ہے، ہماری حب الوطنی پر شک نہ کیا جائے۔ دریں اثناء شیخ حسن جوہری کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے والی خواتین کو یادگار چوک سے حمید گڑھ کی طرف جانے سے روک دیا گیا۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما شیخ مبارک حسین نے یادگار چوک پر سینکڑوں خواتین کو آگے بڑھنے سے روکا اور پرامن رہنے کی تلقین کی۔ عالم دین کی اپیل پر خواتین یادگار چوک سے منتشر ہوگئیں، اس دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری سکردو شہر میں جمعہ کے روز دن بھر تعینات رہی، شیخ مبارک نے یادگار چوک پر جمع ہونے والی خواتین سے کہا کہ آپ لوگ پرامن رہیں، ضرورت پڑی تو پہلے علمائے کرام ہوں گے، پھر خواتین ہوں گی، ابھی آپ لوگوں کے آگے بڑھنے کی نوبت نہیں آئی، عالم دین کی اپیل پر خواتین پرامن طور پر منتشر ہوگئیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button