پاکستان

ڈیرہ اسماعیل خان، فورسز کے ساتھ جھڑپ میں کالعدم تحریک طالبان اورداعش کا اہم کمانڈر ہلاک، کیپٹن سمیت 3 اہلکار زخمی

شیعیت نیوز: خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین فائرنگ کے تبادلہ میں تحریک طالبان اور داعش کا اہم کمانڈر مارا گیا جبکہ کیپٹن سمیت 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق گذشتہ شب اطلاع ملی کہ درابن کے علاقہ گرہ عالم میں چند دہشت گرد تباہی پھیلانے کیلئے منصوبہ بندی کرنے کی غرض سے موجود ہیں جس پر سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس کے مطابق اس دوران ایک کھنڈر نما مکان میں چھپے دہشت گردوں نے فورسز کو دیکھ کر اُن پر فائرنگ کرتے ہوئے ہینڈ گرینیڈ سے حملہ کر دیا جس کے نتیجہ میں پاک آرمی کا کیپٹن عمیر، ایلیٹ فورس کا اہلکار نصیب الرحمٰن اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کا اہلکار ذیشان زخمی ہوگیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اہلکاروں کے زخمی ہونے کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس کی مزید نفری طلب کرلی گئی جنہوں نے علاقے کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے لیا۔ اس دوران دہشت گردوں اور فورسز کے مابین دوبارہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو تقریباً 14 گھنٹے تک وقفے وقفے سے جاری رہا اور بالآخر علی الصبح مکان میں چھپے ایک دہشت گرد کو مار دیا گیا۔

پولیس کے مطابق مارے جانے والے دہشت گرد کے قبضہ سے دستی بم، آر پی جی سیون اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا ہے جبکہ اُس کی شناخت عبدالحکیم خان عرف حکیم ولد عبدالرحمٰن قوم گنڈاپور سکنہ کلاچی سے ہوئی ہے جو تحریک طالبان کا اہم کمانڈر تھا اور تھانہ کلاچی کو دہشت گردی کے کئی مقدمات میں مطلوب تھا۔ دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ پنیالہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تھانہ پنیالہ پولیس کے مطابق پولیس کانسٹیبل مختیار کسی کام کے سلسلہ میں جارہا تھا کہ راستہ میں نامعلوم افراد نے اُس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے اور مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button