پاکستان

عراقی ویزوں کے اجراءمیں مسلسل تاخیر،دوہزار زائرین ایئرپورٹ سے واپس گھروں کو لوٹنے پر مجبور، کروڑوں کا نقصان

شیعیت نیوز: چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر کربلا معلیٰ جانے والے زائرین کو عراقی ایمبیسی ویزہ جاری کرنے میں ناکام ہوگئی، ذرائع کے مطابق گذشتہ پانچ دنوں میں 2 ہزار سے زائد افراد کی فلائٹس عراقی ویزہ نہ ملنے کی وجہ سے زائرین کو لئے بغیر چلی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، اسلام آباد سے ہزاروں زائرین ویزہ نہ ملنے کی صورت میں خالی ہاتھ گھروں کو واپس لوٹ گئے، جس کے باعث زائرین دہائیاں دینے پر مجبور ہیں، گذشتہ سالوں کی نسبت اس سال زائرین کو بہت کم ویزے جاری کئے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے پائی پائی اکٹھا کرنے والے زائرین مشکلات کا شکار ہیں۔

گذشتہ روز بھی ملتان ،اسلام آباد اور کراچی سے سینکڑوں زائرین ویزہ نہ ملنے کے باعث عراق نہ جاسکے، ایک طرف تفتان اور کوئٹہ میں زائرین کو مشکلات درپیش ہیں تو دوسری طرف ویزوں میں تاخیر بڑا مسئلہ ہے، ایک اندازے کے مطابق گذشتہ سال کی نسبت آدھے سے بھی کم زائرین پاکستان سے چہلم منانے کے لئے سرزمین عراق پہنچ پائیں گے، اس پریشانی کے باعث جہاں زائرین پریشان ہیں، وہیں قافلہ سالار میں روتے دکھائی دے رہے ہیں۔

زائرین نے پاکستانی وزارت خارجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عراقی حکومت پر دبائو ڈال کر اسلام آباد میں متعین عراقی سفیر سے بازپرس کریں جن کی کوتاہی اور نا اہلی کے باعث زائرین کی مشکلات میں اضافہ ہواہے اور کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے، گذشتہ برسوں کی نسبت اس سال عراقی ویزوں کے حصول میں ریکارڈ مشکلات پیش آئی ہیں، زائرین ٹوٹے دلوں کے ساتھ ائیرپورٹس سے واپس گھروں کو لوٹنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button