پاکستان

گورنر سندھ عمران اسماعیل اورایرانی قونصل جنرل احمد محمدی کے درمیان ملاقات، دوطرفہ تجارتی، ثقافتی، سماجی امورپر تبادلہ خیال

شیعت نیوز: گورنر سندھ عمران اسماعیل سے کراچی میں تعینات ایرانی قونصل جنرل احمد محمدی نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں پاک ایران تعاون، اس میں اضافہ کی ضرورت، صوبہ میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کی موجودگی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ دونوں ممالک کے دو طرفہ تجارتی، ثقافتی، سماجی اور سفارتی تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں، صوبہ سندھ میں قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی میں ایران کا تعاون لائق تحسین ہے، جسے پوری پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات انتہائی سازگار اور سرمایہ کاری کیلئے پُرکشش اہمیت کے حامل ہیں، ایرانی سرمایہ کار پاکستان بالخصوص کراچی کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے بھرپور منافع حاصل کرسکتے ہیں، ایرانی سرمایہ کاری سے خطہ سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ یقینی ہے، ایرانی سرمایہ کاروں کو حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ملاقات میں ایرانی قونصل جنرل احمد محمدی نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات ہر سطح پر انتہائی مستحکم ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button