ایران

فلسطینی اور یمنی بچوں کا قتل عام بند کیا جائے، ایران کا مطالبہ

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے مستقبل میں تشدد کی روک تھام کے لئے بچوں کی حفاظت کے زیرعنواں منعقدہ سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت پوری عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطین اور یمن میں بچوں کے قتل عام کو روکنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں-

ایرانی مندوب نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں صیہونیوں کے ہاتھوں معصوم بچوں کے قتل عام کا سلسلہ جاری ہے مگر بدقسمتی سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ابھی تک غاصب صیہونی حکومت کو بچوں کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے والی حکومتوں کی فہرست میں شامل نہیں کیا ہے-

انہوں نے کہا کہ غزہ میں حالیہ فلسطینی مظاہروں میں صہیونی فوج نے ظلم کی انتہا کر دی اور پُرامن مظاہروں میں بچوں کی بھی شہادتیں ہوئیں- اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب غلام علی خوشرو نے کہا کہ غاصب صہیونی حکومت دنیا میں بچوں کے قتل عام کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے لہذا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو چاہئے کہ آئندہ سال کی رپورٹ میں اس کا ذکر کریں اور اسرائیل کا نام بچوں کی قاتل حکومتوں کی فہرست میں شامل کریں۔

انہوں نے یمن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وحشیانہ حملوں میں بچوں کے قتل عام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی اور یمنی بچوں کی صورت حال ایک جیسی ہے، لہذا اقوام متحدہ اور پوری عالمی برادری کو چاہئے کہ ان مسائل کی روک تھام کے لئے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں۔

ایران کے مستقل مندوب نے مسلحانہ جھڑپوں اور لڑائیوں میں بچوں کے قتل عام کے واقعات میں اضافے سے متعلق سکریٹری جنرل کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کے قتل عام کا یہ سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہئے- ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ فلسطین و یمن اور اسی طرح دنیا کے دیگر علاقوں میں بچوں کے قتل عام کو رکوانے کے تعلق سے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے-

ایرانی مندوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر اس طرح کے واقعات کی روک تھام نہ کی گئی تو دنیا آگے چل کر وسیع پیمانے پر بچوں کے قتل عام کے نہ ختم ہونے والے سلسلے کا مشاہدہ کرے گی- انہوں نے زور دے کر کہا کہ جنگ و خونریزی سے بچنے اور مسلحانہ جھڑپوں اور لڑائیوں میں بچوں کے قتل عام کو رکوانے کی کوششیں ابھی سے تیز کرنی ہوں گی-

واضح رہے کہ سلامتی کونسل نے اپنے اجلاس کے اختتام پر مسلحانہ لڑائیوں میں بچوں کے حقوق کی پامالی کی روک تھام کے لئے ایک قرارداد بھی پاس کی-

متعلقہ مضامین

Back to top button