شمالی وزیرستان، ڈرون حملے میں تحریک طالبان کا کمانڈر ہلاک
شیعیت نیوز: پاک افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان کے علاقے تورتنگی میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے تحریک طالبان حافظ گل بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والے اہم کمانڈر عبداللہ داوڑ ہلاک، جبکہ اُن کا محافظ زخمی ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق گذشتہ شام امریکی ڈرون طیارے نے تحصیل دتہ خیل تورتنگی میں تحریک طالبان حافظ گل بہادر گروپ کے شدت پسندوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں گروپ کا اہم کمانڈر عبداللہ داوڑ موقع پر ہلاک ہوگیا، جبکہ اسکا دوسرا ساتھی زخمی ہوا۔ مقامی لوگوں کے مطابق، میزائل حملے کے بعد مدد کیلئے طالبان وہاں پہنچے اور ہلاک و زخمی ساتھیوں کو نامعلوم مقام کی جانب منتقل کیا۔ واضح رہے کہ قبائلی علاقوں کے خیبر پختونخوا میں ضم ہونے کے بعد یہ پہلا امریکی ڈرون حملہ ہے، جس میں پاکستانی شدت پسند ہلاک ہوا ہے۔ یاد رہے کہ امریکہ نے سرحد کے اُس پار افغانستان میں بھی ڈرون حملوں میں تیزی لائی ہے اور حالیہ دونوں میں تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ سمیت ایک اور اہم کمانڈر عمر رحمٰن فاتح کو بھی ڈرون حملوں میں مار گرایا ہے۔