مقبوضہ فلسطین

القدس ریلی پر اسرائیلی جارحیت، 4 فلسطینی شہید 600 زخمی

عالمی یوم القدس پر اسرائیلی فوج نے وحشیانہ کارروائی کرتے ہوئے غزہ کی سرحد پر جمع مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کرکے 4 فلسطینی نوجوان کو شہید اور 600 سے زائد کو زخمی کردیا۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق حق واپسی تحریک کے تحت 30 مارچ سے شروع ہونے والے ہفتہ وار گرینڈ مارچ کا سلسلہ جمعے کے روز بھی برقرار رہا جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی، مظاہرین میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ خواتین اور کم عمر لڑکے بھی شامل تھے۔

صہیونی فوج نے ظلم کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے نہتے فلسطینیوں پر براہ راست گولیاں چلائیں۔ اسرائیلی نشانہ بازوں نے نوجوانوں کو نشانہ بناتے ہوئے 4 فلسطینیوں کو شہید جب کہ 600 کو زخمی کردیا۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ صبح سے جاری احتجاج کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ سے 600 سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے جن میں خواتین اور کم عمر بچے بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 30 مارچ سے جاری واپسی مارچ میں صیہونی فوج کے ہاتھوں 180 کے قریب فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button