مشرق وسطی

ترکی نے اسرائیل اور امریکہ سے سفیر واپس بلالیے

غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف احتجاج میں ترکی نے اسرائیل اورامریکا سے اپنے سفیر واپس بلالیے، ترکی کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل انسانیت کے خلاف جرائم کے مرتکب ہیں۔ جبکہ کویت نے آج سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کر دی ہے۔

سلامتی کونسل نے غزہ میں فلسطینیوں کی شہادت کی صاف اور آزادانہ تحقیقات کامطالبہ کیا ہے۔

علاوہ ازیں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی تنظیم نے خون ریزی روکنے اور ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی اپیل کی ہے۔

ادھرغزہ سرحد پر احتجاج کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 52سے زائد ہوگئی ہے۔ یہ ہلاکتیں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ہوئی ہیں۔ان ہلاکتوں کو 2014ء میں غزہ اور اسرائیل جنگ کے بعد سب سے ہلاکت خیز دن قرار دیا جا رہا ہے۔

فلسطینی طبی ذرائع کے مطابق 2410سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں اور ان میں سے تقریباً ساڑھے چار سو براہ راست فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے 86کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔

بتایا گیا ہے کہ شہید ہونے والوں میں سولہ سال سے کم عمر آٹھ بچے بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب امریکا غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام کی اقوام متحدہ کی تحقیقات میں رکاوٹ بن گیا اور غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام کی سلامتی کونسل کی تحقیقات کی درخواست امریکانے بلاک کردی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button