پاکستان نے امریکی سفارت کاروں پر سفری پابندی عائد کردی

12 مئی, 2018 10:17

شیعیت نیوز: امریکا میں پاکستانی سفارت کاروں پر سفری پابندی کے جواب میں پاکستان نے بھی امریکی سفارت کاروں پر پابندیاں لگادیں جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق امریکی سفارت کاروں کو بھی نقل و حرکت سے پہلے دفتر خارجہ سے اجازت لینا ہوگی جس کا اطلاق آج سے ہی ہوگا۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفارت کار ایک سے زائد پاسپورٹ نہیں رکھ سکیں گے اور ان کا قیام جاری ہونے والے ویزے کی مدت کے مطابق ہوگا۔ دفتر خارجہ کے نوٹی فکیشن کے مطابق امریکی سفارتخانے کی آفیشل گاڑیوں پر نان ڈپلومیٹک نمبر پلیٹ کی اجازت نہیں ہوگی اور کرایہ کی عمارتوں کے حصول اور تبدیلی کے لیے این او سی لینا ہوگا۔ امریکی سفارتخانے کی اپنی اور رینٹ پر لی گئی گاڑیوں پر کالا شیشہ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی اور سفارت کاروں کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر فون سمز جاری نہیں کی جائیں گی۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہراسگی کے واقعات روکنے کے لیے فاسٹ ٹریک مکینزم ترتیب دیا گیا جسے امریکی سفارتخانے نے بھی سراہا، پاکستان میں اس سے قبل امریکی سفارت کاروں پر کوئی پابندی نہیں تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دفتر خارجہ سے جاری نوٹیفکیشن کو امریکی سفارتخانے کے ساتھ شیئر کیا جاچکا ہے اور اب پاکستانی ایئر پورٹس پر امریکی سفارتخانے کے سامان کی ترسیل کو ویانا کنونشن کے مطابق ڈیل کیا جائے گا۔

9:15 شام مارچ 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔