پاکستان

اقوام متحدہ کی دہشتگرد عمر خراسانی کی پشت پناہی، پابندی لگانے کی پاکستانی تجویز دوبار مسترد

شیعیت نیوز: عالمی برادری کا دہرا معیار، عالمی دہشتگرد تنظیم پر پابندی لیکن اس کا امیر پابندی سے مستثنٰی ہے، عالمی کالعدم دہشتگرد تنظیم جماعت الاحرار کے امیر عمر خالد خراسانی عرف عبدالولی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پابندی کی پاکستان کی تجویز مسترد کردی گئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا کہ عمر خالد خراسانی پر پابندی کی تجویز مسترد ہونے پر مایوسی ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، پاکستان نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں عمر خالد خراسانی پر پابندی عائد کرنے کی پہلی تجویز 6 جولائی 2017ء کو اور دوسری مرتبہ رواں سال چار مئی کو دی تھی جو مسترد کردی گئی۔

عمر خالد خراسانی 27 مارچ 2016ء کو لاہور میں ایسٹر کے موقع پر حملے میں ملوث تھا، اسی طرح 13 فروری 2017ء کو لاہور مال روڈ پر ایس ایس پی اور ڈی آئی جی پر حملے میں بھی عمر خالد ہی ملوث تھا۔ پاکستان نے عمر خالد خراسانی پر اقوام متحدہ کی قرارداد 1267 کے تحت پابندی لگانے کی تجویز دی تھی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق جماعت الاحرار عالمی دہشتگردوں کی فہرست میں شامل ہے اور اس تنظیم پر پابندی عائد ہے، تاہم دہشتگرد کالعدم تنظیم کے سربراہ پر پابندی عائد نہ کرنا حیران کن ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ عمر خالد خراسانی پاکستان میں دہشتگردی کے بڑے حملوں میں ملوث ہے، اس پر پابندی کی تجویز مسترد ہونے پر مایوسی ہوئی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button