پاکستان

آرمی چیف نے شیعہ ہزارہ قوم کو مکمل تحفظ فراہم کرنیکی یقین دہانی کرائی ہے، سید محمد رضا

شیعیت نیوز:کوئٹہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات اور احتجاجی دھرنوں کے خاتمے کے بعد ایم ڈبلیو ایم کی قیادت کی جانب سے پریس کانفرنس بلائی گئی۔ پریس کانفرنس کے دوران ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء و صوبائی وزیر قانون سید محمد رضا، امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی اور کونسلر کربلائی رجب علی موجود تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء و صوبائی وزیر قانون سید محمد رضا کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہمیشہ سے مظلومین اور شہداء کے ورثاء کے ساتھ ہم آواز ہو کر پاکستان میں اور خاص کر کوئٹہ میں امن وامان اور بھائی چارہ کے حصول کیلئے کوششیں کرتی رہی ہے۔ دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کی مسلسل وارداتوں کے خلاف بارہا احتجاج اور دھرنوں سے جب بات نہ بنی تو مجبوراً ہماری قوم اور خاص کر شہداء کے لواحقین کو فوج کے دروازے پر دستک دینا پڑا۔ ہماری قوم کا یہ مطالبہ رہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف کوئٹہ تشریف لائیں اور اس مسئلہ کو حل کریں۔ ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی اور لوکل قیادت نے اپنی روایات کے مطابق اپنے لوگوں کا بھر پور ساتھ دیا۔ یہی وجہ ہے کہ شہداء کے لواحقین کے آرمی چیف کو بلانے کے مطالبے کو لے کر اپنی جدوجہد کا آغاز کیا۔ اسی لئے ہمارے مرکزی قائد جناب علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے پاکستان بھر میں احتجاجی کالز اور وزیر قانون بلوچستان سید آغا رضا کے صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنہ دینے کا نتیجہ فوراً برآمد ہوا اور وفاقی وزیر داخلہ کو کوئٹہ آکر ایم ڈبلیو ایم کی قیادت سے مذاکرات کرنا پڑی۔ لیکن جس طرح پہلے دن سے ہم نے یہ کہا تھا کہ ہمارا اپنا کوئی ذاتی ایجنڈا یا مطالبہ نہیں، بلکہ جو شہداء کے لواحقین کا مطالبہ تھا، وہی ہمارا بھی رہا۔ بعض لوگوں نے ہمارے دھرنوں کو ہائی جیک کرکے بیرونی ایجنڈوں کو مسلط کرنے کی کوشش کی، لیکن الحمد اللہ اللہ تعالٰی کی نصرت سے ہم نے انہیں‌ کامیاب نہیں ہونے دیا۔ شیعہ ہزارہ قوم دیگر اقوام کیساتھ ملکر پاکستان کے ہر انچ کے دفاع کو اپنا فریضہ سمجھتی ہے اور ملک کو درپیش چیلنجز کے مقابلے میں اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیر قانون بلوچستان سید محمد رضا کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے مرکزی قائد علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے آرمی چیف کے ساتھ مسلسل رابطوں کے نتیجے میں یکم مئی کی رات وہ کوئٹہ تشریف لائے اور اِن کی ملاقات کوئٹہ میں شیعہ ہزارہ عمائدین سے ہوئی۔ ملاقات میں انہوں نے کوئٹہ کے شیعہ ہزارہ قوم کے عمائدین اور علماء کو یقین دہانی کروائی کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے بھرپور کوشش ہوگی کہ آئندہ کوئی ناگوار واقع پیش نہ آئے۔ ان کی یقین دہانی کے بعد شیعہ ہزارہ عمائدین نے دھرنوں کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔ ہم مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے پاکستان کے غیور عوام، شیعہ ہزارہ قوم کی خواتین، قوم کے بزرگوں اور جوانوں کے بھی مشکور ہیں، جنہوں نے ان دھرنوں کو کامیاب بنایا۔ ہم چیف آف آرمی اسٹاف جناب قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیراعلٰی بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو، صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی، کمانڈر سدرن کمانڈ جنرل عاصم سلیم باجوہ، آئی جی پولیس معضم جاء انصاری، آئی جی ایف سی جنرل ندیم انجم اور دیگر فوجی افسران کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اسی طرح چیف جسٹس آف پاکستان جناب ثاقب نثار صاحب نے اگرچہ ہماری مظلومیت کی آواز کو دیر سے سنا، لیکن ہم ان کی جانب سے سوموٹو نوٹس لینے کے مشکور ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button