دہشتگرد ہزارہ شیعوں کو نہیں بلکہ پاکستان کو نشانہ بنا رہے،وفاقی وزیر داخلہ
شیعیت نیوز: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ سیکورٹی فورسز آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ان کا پیچھا کریں گے، رواں سال دہشت گردی کا نشانہ بننے والے 54 افراد میں 37 سیکورٹی فورسز کے اہلکار ہیں، سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کے باعث ہی ملک میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے سامنے مجلس وحدت مسلمین کے منتخب کردہ وزیر قانون کی جانب سے لگائے احتجاجی کیمپ میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی، آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم انجم سمیت سول و فوجی حکام بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہزارہ شیعہ برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ملک کےلئے ہزارہ کمیونٹی کی قربانیوں پر فخر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں جاری دھرنوں سے مزید سیکورٹی خدشات پیدا ہوں گے، دہشت گرد ہزارہ برادری کو نہیں بلکہ پاکستان کو نشانہ بنارہے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ ہزارہ برادری کے افراد کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔
وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سوموار کی شب صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمد انجم کے ہمراہ پنجابی امام بارگاہ بھی گئے اور ٹارگٹ کلنگ میں شہید افراد سے تعزیت کی۔
اس موقع پر شہداء کے لواحقین اور ہزارہ شیعہ کمیونٹی کے عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گرد ملک قوم کے دشمن ہیں، انہوں نے کہا کہ 2013 کی نسبت پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، ہماری حکومت اور سیکیورٹی فورسز نے امن قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نے ہمارے دشمنوں کی نیندیں اڑا دی ہیں، دشمن چھپ کر وار کرتا ہے اور ملک میں بد امنی پھیلانا چاہتا ہے، ہماری سیکیورٹی فورسز نے ان عناصر پر گرفت تنگ کردی ہے سیکیورٹی فورسز نے بڑے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ہزارہ شیعہ کمیونٹی کے احتجاجی مظاہرین سے کہا کہ احتجاج ختم کرتے ہوئے سیکیورٹی اداروں کا ساتھ دیں تاکہ مل جل کر ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج شیعہ زائرین کے قافلے ماضی کی نسبت بحفاظت جا رہے ہیں، ہزارہ برادری پر امن اور بہادر کمیونٹی ہے، آپ لوگوں نے ہمیشہ پر امن محب وطن ہونے کا ثبوت دیا ہے، اللہ ہمیں دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں کامیاب کرے ہمیں یکجہتی کو برقرار رکھنا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے یکجہتی ضروری ہے، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان بچ نہیں سکیں گے، حکومت ہزارہ کمیونٹی کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے
تاہم مظاہرین نے آرمی چیف کی کوئٹہ آمد کے مطالبہ کو برقرار رکھتے دھرنا ختم نا کرنے کا اعلان کیا ہے۔