پاکستان

کوئٹہ میں دہشتگردوں کا دن دیہاڑے معصوم شہریوں کا قتل کرکے فرار ہو جانا تشویشناک ہے،علامہ ساجد نقوی

شیعیت نیوز: اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ افغانی روڈ پر ہزارہ برادری کے مزید 3 افراد کی ٹارگٹ کلنگ نے ریاستی اداروں کی کارکردگی پر بہت سے سوالات پیدا کر دیئے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے، شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے، سکیورٹی اداروں کی اتنی بڑی تعداد ہونے کے باوجود چھوٹے سے شہر کوئٹہ میں دہشتگردوں کا دن دیہاڑے معصوم شہریوں کا قتل کرکے فرار ہو جانا تشویشناک ہے اور یہ خفیہ اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف اقدامات اور کریڈٹ کو برقرار رکھنے کیلئے ٹارگٹ کلنگ جیسے واقعات اور اس کے پیچھے محرکات کا قلع قمع کیا جائے، ایک بے گناہ پاکستانی کا قتل پوری قوم کے قتل کے مترادف ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم ہزارہ برادری کیساتھ برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے ریاستی اداروں کو متوجہ کیا کہ ڈیرہ اسماعیل سے کوئٹہ تک ٹارگٹ کلنگ کا نیا سلسلہ گذشتہ کچھ عرصہ سے دوبارہ سر اٹھا رہا ہے لیکن افسوس اس جانب توجہ نہیں دی جا رہی، یہ ٹارگٹ کلرز کس کے کنٹرول میں ہیں؟ یہ کہاں سے آتے ہیں؟ کہ اتنی طاقت، فورسز اور اقدامات کے باوجود یہ انسانیت کے دشمن آناً فاناً آتے ہیں اور بے گناہ افراد کو ٹارگٹ کرکے فرار ہو جاتے ہیں مگر یہ سکیورٹی فورسز کے ہتھے نہیں چڑھتے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کو اپنے وسائل استعمال کرتے ہوئے ان ٹارگٹ کلرز، دہشت گردوں اور فتنہ پروروں کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ علامہ ساجد نقوی نے واضح کیا کہ دہشتگرد انسانیت اور امن کے دشمن ہیں، جن کا کوئی مذہب نہیں، دہشتگردی سے نمازیوں، معصوم شہریوں اور مسافروں سے لیکر اعلیٰ افسران تک کوئی محفوظ نہیں، ایک سازش کے تحت ملک کے حالات خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ہمیں اس سازش کو ناکام بنانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام رواداری، برداشت، تحمل اور امن کا مذہب ہے، اس نازک صورتحال کے پیش نظر رواداری، بھائی چارے اور ملک میں باہمی محبت و روداری کو فروغ دےکر امن و استحکام قائم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مذکورہ واقعات میں جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button