پاکستان

شام پر امریکی جارحیت عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، آئی ایس او

شیعیت نیوز:  امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر انصر مہدی نے شام میں امریکہ اور اتحادیوں کی مشترکہ جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی جارحیت عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ لاہور میں عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شام پر ایک طرف امریکی حملہ ہو رہا ہے تو دوسری جانب امریکہ نے غزہ میں صہیونیوں کے مظالم کو روکنے کیلئے کچھ نہیں کیا بلکہ امریکہ نے مظلوم فلسطینیوں کے خون بہانے کیلئے ناجائز صہیونی ریاست کی حمایت جاری رکھی ہوئی ہے، جس سے امریکہ کی دوغلی پالیسی سب پر واضح ہو گئی۔ انصر مہدی نے کہا کہ انسانی حقوق کے ادارے اس کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائیں ورنہ دنیا اور خطے میں انتہاپسندی اور دہشتگردی کی لہر میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے چند ایک ممالک کو چھوڑ کر دیگر مسلمان حکمرانوں کا کردار بھی قابل افسوس ہے، جس امت کو حضور نبی کریم(ص) جسد واحد قرار دیکر گئے تھے وہ امت آج فرقوں اور گروپوں میں تقسیم در تقسیم ہو چکی ہے اور دشمن اس تقسیم کا فائدہ اٹھا کر اسلام کیخلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہیں اور حق و سچ کا ادراک رکھتے ہیں اس لئے ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اسلام دشمن قوتوں کے آلہ کاروں کی پہچان کریں جنہوں نے اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اسلام کو سب سے زیادہ نقصان پہچایا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button