پاکستان

لاہور: شہید ڈاکڑ محمد علی نقوی کی برسی کی تقریبات اختتام پذیر، ملک بھر سے طلبہ و علماٗ شریک تھے

شیعیت نیوز: سفیر انقلاب شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی 23ویں برسی کے موقع پر لاہور میں علی رضا آباد میں افکار شہداء سیمینار منعقد ہوا، جس میں علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ حیدر موسوی، فرزند شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی دانش نقوی، کرنل عارف، سینئر رہنما نثار ترمذی، سید امجد کاظمی، علامہ ظہیر الحسن کربلائی اور مرکزی صدر انصر مہدی سمیت درجنوں سابقین شریک تھے۔ علامہ حیدر موسوی نے افکار شہداء سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی نے مبارزانہ زندگی گزاری انہوں نے زندگی کے تمام شعبہ ہائے زندگی میں کارہائے نمایاں انجام دیتے ہوئے ملت تشیع پاکستان کی بے نظیر خدمت کی، ضرورت اس امر کی ہے کہ شہید نقوی کے افکار پر عمل پیرا ہوکر ملت کی مضبوطی کیلئے کلیدی کردار ادا کیا جائے۔ علامہ شبیر بخاری نے کہا کہ شہید خدا سے ارتباط رکھتے ہوئے مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے اور ہروقت آمادہ و تیار رہتے تھے، شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کا ولایت فقیہ سے عشق جنون کی حد تک تھا، وہ نظام ولایت فقیہ کو پاکستان میں بھی متعارف کروانا چاہتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں آج جتنی بھی تنظیمیں کسی بھی انقلابی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، وہ یقیناً ڈاکٹر شہید کی ہی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ فرزند شہید دانش نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید ڈاکٹر الہیٰ ہدف کیلئے مصروف عمل تھے، انہوں نے اپنی زندگی کو امام خمینی کیلئے وقف کر دیا تھا۔ دانش نقوی نے مزید کہا ہمیں شہید کے افکار پر عمل پیرا ہوتے ہوئے تعلیمی میدان میں آگے بڑھنا ہوگا، شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی بھی اپنی زندگی دوسرے ڈاکٹروں کی طرح گزار سکتے تھے، لیکن انہوں نے معاشرے کی اصلاح کیلئے اپنی زندگی راہ خدا اور خدمت خلق میں صرف کر دی۔ علامہ احمد اقبال رضوی نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ شہید ڈاکٹر کی کامیابی کی ایک اہم وجہ تقوی تھا نوجوانوں کو چاہیئے کہ اپنی شخصیت میں شہید ڈاکٹر نقوی جیسا تقوی، اخلاق و جذبہ پیدا کریں اور علما کو اپنی کردار سازی کیلئے شہد قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی پیروی کرنی چاہیئے، نوجوانوں کی روزمرہ اور معاشرتی زندگی بالکل یکساں ہونی چاہیئے، جو کہ آئمہ طاہرین کی حیات طیبہ کا عکس ہو۔

متعلقہ مضامین

Back to top button