پاکستان

احسان اللہ احسان بچوں کا قاتل حکومت کا مہمان بنا ہوا ہے، اسکی رہائی روکی جائے، ایڈوکیٹ فضل خان

شیعیت نیوز: پشاور ہائیکورٹ نے کالعدم شدت پسند گروپ تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کو رہا نہ کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کالعدم جماعت تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان اور کمانڈر کی ممکنہ رہائی کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں فضل خان ایڈوکیٹ نے درخواست دائر کی۔ جسٹس روح الامین اور جسٹس سید افسر شاہ پر مشتمل ڈویژن بینچ نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ٹی ٹی پی کے سابق ترجمان کو رہا نہ کرنے کے احکامات جاری کئے۔ درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر عامر خان چمکنی نے سماعت کے دوران عدالت کو آگاہ کیا کہ احسان اللہ احسان سانحہ آرمی پبلک اسکول کا ماسٹر مائنڈ ہے اور اسی نے واقعے کی ذمہ داری بھی قبول کی۔ فضل خان ایڈوکیٹ نے عدالت کو دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ احسان اللہ احسان معصوم بچوں کا قاتل ہے۔ اس کے باوجود وہ ایک سال سے حکومت کا مہمان بنا ہوا ہے اور اُسے ابھی تک انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ تحریک طالبان کے سابق ترجمان کو کسی صورت رہا نہ کیا جائے جس پر پشاور ہائی کورٹ نے رہائی نہ دینے کے احکامات جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے اگلی سماعت پر جواب طلب کرلیا۔ واضح رہے کہ پاک فوج کے سوات اور دیگر قبائلی علاقوں میں کامیاب آپریشن کے بعد احسان اللہ احسان نے از خود گرفتاری پیش کی، تحریک طالبان کے سابق ترجمان کا ایک ویڈیو پیغام بھی گذشتہ برس منظر عام پر آیا تھا جس میں انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان میں انتشار پھیلانے کیلئے بھارت طالبان کو استعمال کررہا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button