فلسطین فلسطینیوں کا ہے، بالفور اعلامیہ فلسطین کا تشخص ختم نہیں کر سکتا: مسیحی رہنما عطاء اللہ حنا
لبنان کے دارلحکومت بیروت میں منعقد ہونے والی علمائے اسلام ومقاومت کی عالمی فلسطین کانفرنس ’’الوعد الحق‘‘ کی افتتاحی تقریب میں مقبوضہ فلسطین و بیت المقدس سے معروف مسیحی رہنما عطاء اللہ حنا نے ٹی وی لنک کے زریعہ شرکائے کانفرنس سے خطاب کیا۔
شیعت نیوز کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے مسیحی رہنما عطاء اللہ حنا نے عالمی فلسطین کانفرنس ’’الوعد الحق ‘‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین ہمیشہ فلسطین تھا اور فلسطین ہی رہے گا ان کاکہنا تھا کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے اور بالفور جیسے جھوٹے اعلامیہ فلسطین کی ظاہری تقسیم تو کر سکتے ہیں لیکن فلسطین کو فلسطینیوں سے چھین نہیں سکتے ان کاکہنا تھا کہ آج نہیں تو کل جلد یا دیر سے بالآخر فلسطین صیہونیوں کے چنگل سے آزاد ہو گا، انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کے مسلمان اور عیسائی فلسطین کے باسی ہیں ۔
معروف فلسطینی مسیحی رہنما عطاء اللہ حنا کا کہنا تھاکہ صیہونیوں نے ہمیشہ جھوٹ کی بنیاد پر اپنے مذہب اور عقائد کا پرچار کیا ہے جبکہ فلسطین کے معاملے میں بھی انہوں نے جھوٹ کا سہارا لیا ہے جو زیادہ دیر کار آمد نہیں رہے گا، ان کا کہنا تھا کہ صیہونیوں کو جان لینا چاہیے کہ اللہ تعالی نے نہ تو کسی انسان کے قتل کی اجازت دی ہے اور نہ ہی اس بات کی اجازت دی ہے کہ کوئی کسی کی زمین اور گھر بارپر قبضہ کرلے۔
مقبوضہ فلسطین کے مسیحی رہنما عطاء اللہ حنا نے خطے کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے تکفیری دہشت گردوں اور اسرائیلی سرپرستی کی شدید الفا ظ میں مذمت کی اور کہا کہ وقت کی اہم ترین ضرورت اتحاد ہے اور ضروری ہے کہ خطے میں صیہونی سازشوں کامقابلہ کرنے کے لئے مسلمان ، عیسائی، اور صہیونی مخالف یہودی مل کر جدوجہد کریں اور یہی جد وجہد یقیناً فلسطین کی آزادی کے لئے بھی مثبت ثابت ہو گی۔
عطاء اللہ حنا نے امریکی و صیہونی قوتوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین ہماری زمین ہماراوطن ہے ، انہوں نے کہا کہ فلسطین واپس آنا فلسطینیوں کا حق ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت فلسطینیو ں سے نہیں چھین سکتی۔ انہوں لبنان میں فلسطین کانفرنس کے انعقاد کرنے اور دنیا بھر سے آئے علمائے اسلام و مقاومت کو بھی فلسطین کی حمایت جاری رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔