یمن

سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت میں 17 یمنی شہریوں کی شہادت

یمن کے صوبے صعدہ میں سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت میں سترہ یمنی شہری شہید ہو گئے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق یمن کے المسیرہ ٹی وی نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے صوبے صعدہ کے علاقے سحار میں علاف منڈی پر بمباری کردی جس میں سترہ یمنی شہری شہید اور چھے دیگر زخمی ہو گئے۔

جبکہ غیر ملکی ذرائع ابلاغ نے رپورٹیں دی ہیں کہ سعودی عرب کی اس جارحیت میں اکّیس یمنی شہری شہید اور نو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

سعودی جنگی طیاروں نے علاف منڈی کے علاوہ لوکندہ ہوٹل اور سحار کے علاقے کی کئی دوکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔

سعودی جنگی طیاروں نے منگل کے روز بھی صوبے صعدہ کے علاقے کتاف میں الفرع اور وادی آل ابو جبارہ پر بھی بمباری کی اور سرحدی علاقے منبہ کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا۔

قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب مارچ دو ہزار پندرہ سے امریکا، متحدہ عرب امارات اور کئی دیگر ملکوں کی حمایت سے یمن پر وحشیانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور ساتھ ہی اس نے یمن کا ہر طرف سے محاصرہ بھی کر رکھا ہے-

یمن پر سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت اور حملوں میں اب تک دسیوں ہزار بے گناہ یمنی شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں جن میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ یمن کے جاری محاصرے کی بنا پر اس ملک کے عوام کو غذائی اشیا اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے اور یمنی شہریوں کی ایک بڑی تعداد ہیضے جیسی بیماری میں مبتلا ہے جس کے نتیجے میں دسیوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button